بی جے پی کو کے سی آر بریانی نہ سمجھیں: شیوراج سنگھ چوہان

   

بدعنوان اور خاندانی حکمرانی کے خاتمہ تک جدوجہد ، 2023 ء میں بی جے پی کو اقتدار، بنڈی سنجے لکشمن اور دیگرکا خطاب

حیدرآباد۔7۔ جنوری (سیاست نیوز) مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے چیف منسٹر کے سی آر کو وارننگ دی کہ وہ بی جے پی کو کمزورکرنے کی کوششوں سے باز آجائیں۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کے سی آر بی جے پی کو بریانی نہ سمجھیں کہ آسانی سے کھالیا جائے۔ شیوراج سنگھ چوہان آج حیدرآباد میں بی جے پی آفس میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ریاستی صدر بنڈی سنجے سے اظہار یگانگت کیلئے شیوراج سنگھ چوہان حیدرآباد پہنچے۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کرپشن اقرباء پروری اور بدعنوانیوں میں ملوث حکومت کے زوال تک بی جے پی قائدین چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیدرآباد اسی لئے آئے ہیں کہ کے سی آر کو بتائیں کہ بی جے پی کمزور نہیں ہے اور حکومت کے خاتمہ تک ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کیریئر میں آج تک کے سی آر جیسا بدعنوان چیف منسٹر نہیں دیکھا ۔ عوام کی جانب سے جدوجہد کرنے والے بنڈی سنجے کی گرفتاری قابل مذمت ہے۔ میں انہیں مبارکباد پیش کرنے کیلئے آیا ہوں۔ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن تلنگانہ میں ایسی صورتحال نہیں ہے۔ جو کوئی احتجاج کرتا ہے ، اس پر بے بنیاد الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جدوجہد کی تائید کیلئے وہ تلنگانہ کی سرزمین پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آپ کی دھمکیوں سے خوف زدہ ہونے والے نہیں ہے ۔ کے سی آر کو خواب میں بنڈی سنجے دکھائی دے رہے ہیں۔ تلنگانہ میں خاندانی حکمرانی جاری ہے۔ کے سی آر میں بھی چیف منسٹر ہوں ، آپ دو مرتبہ چیف منسٹر ہوسکتے ہیں لیکن میں چار مرتبہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہوچکا ہوں۔ آپ کی طرح ہم تہذیب سے عاری نہیں ہیں۔ بی جے پی کا مطلب آپ بریانی سمجھ رہے ہیں۔ غریبوں کیلئے ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر اور ہر شہری کو کے جی تا پی جی مفت تعلیم کے وعدوں کا کیا ہوا۔ اس کا جواب کیوں نہیں دے رہے ہیں۔ تلنگانہ کے عوام کے سی آر حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ تلنگانہ میں دھرم یدھ کا آغاز ہوچکا ہے۔ کرپٹ خاندانی حکومت کے خاتمہ کیلئے بنڈی سنجے کی جدوجہد قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023 ء میں تلنگانہ میں بی جے پی کا اقتدار یقینی ہے اور تلنگانہ کی سرزمین پر زعفرانی پرچم لہرائے گا۔ بنڈی سنجے نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جی او 317 سے دستبرداری تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد اس جی او کو کالعدم کردے گی۔ ملازمین کو محض دو سال تک انتظار کرنا چاہئے۔ بی جے پی کی تحریک کو سرکاری ملازمین اور اساتذہ کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی وینکٹیشور راؤ کے فرزند کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس سے تلنگانہ امور کے انچارج ترون چگ ،ڈاکٹر کے لکشمن ، ڈی کے ارونا اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ ر