بی جے پی کور کمیٹی کا کل تلنگانہ میں اجلاس

   

پارلیمانی انتخابات کے لیے امیدواروں کے انتخاب پر تبادلہ خیال ہوگا : ڈاکٹر لکشمن
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بھارتیہ جنتا پارٹی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے آج کہا کہ بی جے پی کور کمیٹی کی میٹنگ 14 مارچ کو تلنگانہ میں منعقد ہوگی جس میں امیدواروں کی ایک فہرست بنائی جائے گی اس کے بعد اس فہرست کو مرکزی پارٹی کے پاس داخل کیا جائے گا جو 15 مارچ کو امیدواروں کے انتخاب سے متعلق فیصلہ کرے گی ۔ پارلیمنٹری پارٹی بورڈ میٹنگ 15 مارچ کو منعقد ہوگی ۔ جس میں تلنگانہ پارلیمانی انتخابات کے لیے پارٹی کے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا ۔ آج یہاں ڈاکٹر ملا ریڈی ، سبھاش چندرا اور دیگر کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ نریندر مودی کے زیر قیادت بی جے پی کی اقتدار پر واپسی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تلنگانہ کو ترقی دینا ہو تو تلنگانہ کے عوام کو بی جے پی کو ووٹ دینا ہوگا ۔ گذشتہ چار سال کے دوران مودی حکومت کے ترقیاتی کاموں کو ہر ایک نے دیکھا ہے اور انہوں نے 10 فیصد ریزرویشن کا تذکرہ کیا جو اپرکاسٹ کے غریب افراد کو فراہم کیا جائے گا ۔ کے سی آر نے گذشتہ چار سال کے دوران ایک طبقہ کے لیے تحفظات کی فراہمی کی صرف بات کرتے رہے اور ایس سی ، ایس ٹی اور او بی سی کے لیے تحفظات پر بھی عمل درآمد نہیں کیا ۔ کے سی آر کے زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ( کے سی آر ) 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کی بات کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر لکشمن نے سوال کیا کہ گذشتہ انتخابات میں منتخب ہونے والے 15 ارکان پارلیمنٹ نے ریاست کے لیے کیا کیا اور 15 اور اب 16 کے درمیان کیا تبدیلی ہوگی اور کہا کہ اگر انہیں 16 ایم پی بھی مل جائیں تو وہ بی جے پی کی مدد کے بغیر کچھ نہیں کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ محض بی جے پی کی وجہ ایک حقیقت بنی ۔ انہوں نے سوال کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں اگر 16 نشستوں پر بھی کامیاب ہوجائے تو ٹی آر ایس کیا تبدیلیاں لاسکتی ہے ۔ لہذا عوام کو اس بات کو محسوس کرتے ہوئے سیاست کی ترقی کے لیے بی جے پی کو ووٹ دینا ہوگا ۔۔