بی جے پی کی انتخابی مہم میں مودی، امیت شاہ اور نڈا کی شرکت

   

نرمل میں وزیر اعظم کا جلسہ عام، کے سی آر حکومت پر کرپشن کا الزام
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) اسمبلی چناؤ کی انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بی جے پی نے اپنی طاقت تلنگانہ میں جھونک دی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے آج تین علحدہ اضلاع میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ نریندر مودی نے نرمل، امیت شاہ نے مکتھل اور جے پی نڈا نے سکندرآباد میں بی جے پی امیدواروں کی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کو بدعنوان قرار دیا۔ وزیر اعظم کے نرمل میں جلسہ عام سے خطاب کے موقع پر ایک چھوٹی بچی پر مودی کی نظر پڑی، وہ لڑکی بھارت ماتا کی شکل میں لباس زیب تن کئے ہوئے تھی۔ نریندر مودی نے کمسن لڑکی کا حوالہ دیتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔ وزیر اعظم نے ہجوم میں ایک لڑکی کو دیکھا جو قومی ترنگا لہرا رہی تھی اور وہ بھارت ماتا کے لباس میں تھی۔ مودی نے اپنی تقریر میں لڑکی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کافی دیر سے یہ لڑکی ترنگا لہرا رہی ہے، وہ بھارت ماتا کے روپ میں آئی ہے جو خوشی کی بات ہے اور ہر نوجوان کیلئے یہ لڑکی حوصلہ دے رہی ہے۔ مودی نے لڑکی کو شاباشی دی اور ان کے والدین کی ستائش کی۔ نریندر مودی نے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ میں بی جے پی حکومت کی تشکیل کا دعویٰ کیا۔ دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مکتھل میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کو گھر بھیجنے کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت بدعنوانیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے نتائج ریاست کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ بی آر ایس کے وزراء اور ارکان اسمبلی اراضیات پر قبضوں میں ملوث ہیں۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے سکندرآباد کے بی جے پی امیدوار کے روڈ شو میں حصہ لیتے ہوئے کے سی آر حکومت کو کرپشن اور بدعنوانیوں سے تعبیر کیا اور عوام سے اپیل کی کہ اسمبلی چناؤ میں بی جے پی کو آشیرواد دیں۔