حیدرآباد 23 مارچ (سیاست نیوز) بی جے پی کے نئے ریاستی صدر کیلئے قیاس آرائیوں کے درمیان مرکزی مملکتی وزیرداخلہ بنڈے سنجے کمار نے واضح کردیا کہ وہ ریاستی پارٹی کی صدارت میں دوڑ میں شامل نہیں ہیں۔ بنڈی سنجے کمار نے کہاکہ ہائی کمان کی جانب سے اُنھیں نیا صدر مقرر کرنے سے متعلق اطلاعات بے بنیاد اور محض افواہوں پر مبنی ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے بی جے پی کے حلقوں میں یہ اطلاعات گشت کررہی تھیں کہ پارٹی ہائی کمان نے ریاستی صدر کے عہدہ کے لئے بنڈی سنجے کے نام کو قطعیت دے دی ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام کے لئے بے باک اور نڈر قائد کی ضرورت ہے اور بنڈی سنجے بی آر ایس اور کانگریس کا بہتر طور پر مقابلہ کرسکتے ہیں۔ پارٹی حلقوں کے علاوہ سوشل میڈیا میں بھی یہ اطلاعات تیزی سے گشت کرنے لگی۔ بنڈی سنجے کمار نے اِس پر وضاحت کی اور کہاکہ میں پارٹی صدر کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں۔ مرکزی قیادت اور وزیراعظم نریندر مودی نے مجھے وزارت کی ذمہ داری دی ہے۔ اخبارات اور سوشل میڈیا میں اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایک پابند ڈسپلن کارکن کی طرح وہ پارٹی قیادت کے کسی بھی فیصلہ کو تسلیم کریں گے لیکن یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ریاستی صدارت سے اُنھیں کوئی دلچسپی نہیں۔ 1