تلنگانہ میں غریبوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات : نرنجن ریڈی
ونپرتی : ریاستی حکومت تلنگانہ کے تمام مواضعات سے لیکر شہروں تک طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے پر گامزن ہے تعلیم یافتہ بننے سے ہی ترقی ہو گی اور مستقبل روشن ہوگا ، ان خیالات کا اظہار کل ونپرتی ضلع کے کشٹاگیری موضع میں بڈی باٹا پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تعلیم کے فروغ کے لیے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں ، ریاست کے ہر سرکاری اسکول میں تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے انگریزی تعلیم کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ غریب خاندان کے طلبہ کو مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے پرائیویٹ اسکول کا رُخ نہ کرنا پڑے اور ریاستی سطح پر سرکاری اسکولوں میں اس سال سے انگریزی تعلیم دی جائیگی۔ ریاستی وزیر موصوف نے اولیاء طلباء سے گزارش کی کے تلنگانہ حکومت کے معیاری تعلیم سے استفادہ کے لیے اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلوائیں اور اساتذہ کارپوریٹ طرز کی تعلیم دلانے پر خصوصی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت غریب بچوں کو انگریزی تعلیم فراہم کرنے کے غرض سے اقدامات کر رہی ہے ۔ بعدازاں وزیر ایس نرنجن ریڈی نے کشٹاگیری موضع کے عوام کو تیقن دیا کہ بنجر کشٹاگیری تالاب کو دریاء کرشنا کے ذریعہ سے سیراب کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا بی جے پی مرکزی حکومت ترقیاتی کاموں کے متعلق سوچنے کے بجائے فرقہ وارانہ کشیدگی،فسادات برپا کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کے خواب دیکھ رہی ہے ،عوام کو اس سے باخبر ہونا چاہیے آئندہ انتخابات میں عوام فرقہ پرست جماعتوں کو سبق سکھاکر رہیں گے ۔ اس موقع پر ضلع پریشد چیئرمین لوک ناتھ ریڈی،سرکاری عہدیدار و پارٹی قائدین موجود تھے۔