بی جے پی کی کامیابی ممکن ، تاہم مودی کی دوسری میعادناممکن

   

ممبئی ۔ /12 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی کے صدر شردپوار نے منگل کے دن کہا کہ بی جے پی ممکن ہے کہ واحد سب سے بڑی پارٹی لوک سبھا انتخابات کے بعد بن کر ابھرے لیکن وزیراعظم نریندر مودی کو بحیثیت وزیراعظم دوسری میعاد کا حصول ناممکن ہوگا ۔ وہ ایک تقریب کے دوران علحدہ طور پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ وہ بعض علاقائی پارٹیوں کے سربراہوں سے ملک گیر سطح پر /14 اور /15 مارچ کو نئی دہلی میں ملاقات کریں گے تاکہ عظیم اتحاد میں شمولیت پر تبادلہ خیال کیا جاسکے ۔نامور 78 سالہ سیاستداں نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے خاندان کے 2 افراد پہلے ہی سے انتخابی مقابلے میں ہیں اس لئے وہ مقابلہ سے دستبردار ہورہے ہیں۔