بی جے پی کی ’کھیون ہار‘ بن گئی ہے بی ایس پی:کانگریس

   

امیٹھی: نائب صدرجمہوریہ کے لئے ہونے والے الیکشن میں این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکڑ کو بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) کی حمایت دئیے جانے کے اعلان کے بعد کانگریس بی ایس پی کے اس فیصلے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے پارٹی سپریمو مایاوتی پر بی جے پی کی’کھیون ہار‘ہونے کا الزام لگایا ہے ۔یوپی کانگریس کے سکریٹری و سابق ایم ایل سی دیپک سنگھ نے آج مایاوتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اب بی ایس پی سیاسی پارٹی نہیں رہ گئی ہے ۔ بلکہ اب وہ بی جے پی کی حامی پارٹی بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی ایس پی ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔قابل ذکر ہے کہ مایاوتی نے 6اگست کو ہونے والے نائب صدرجمہوریہ کے الیکشن میں این ڈی اے امیدوار کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اس سے پہلے صدرجمہوریہ کے الیکشن میں بھی بی ایس پی نے این ڈی اے امیدوار دروپدی مرمو کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔سنگھ نے کہا کہ مایاوتی کے ذریعہ لیا گیا کوئی فیصلہ جو بی جے پی کے ساتھ کھڑے ہونے والا ہو وہ اب حیران کن نہیں ہوتا ہے ۔ کانگریس پارٹی پہلے سے ہی اس بات کو جانتی ہے ۔ بی ایس پی اور بی جے پی ایک دوسرے کا حصہ ہیں۔انہوں نے آگے کہا کہ جب جب بی جے پی بحران میں آتی ہے بی ایس پی بی جے پی کی مددگار بن کر کھڑی ہوجاتی ہے ۔