مجلسی امیدواروں کو بی جے پی فنڈز فراہم کرتی ہے، کے سی آر کی بدعنوانیوں کی جانچ ہوگی،تلنگانہ میں بی جے پی کی ہوا خارج
حیدرآباد۔یکم ؍ نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ جہاں کہیں بھی کانگریس انتخابات میں حصہ لیتی ہے وہاں جادوئی انداز میں مجلس کے امیدوار میدان میں آجاتے ہیں تاکہ بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار کی جائے۔ راہول گاندھی نے تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی مہم کے دوسرے دن آج کلواکرتی، جڑچرلہ اور شاد نگر میں بس یاترا اور پدیاترا کے ذریعہ عوام سے ملاقات کی اور کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ راہول گاندھی نے کئی مقامات پر غریب خاندانوں سے ان کے مکانات پہنچ کر حالات دریافت کئے اور کانگریس برسراقتدار آتے ہی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا وعدہ کیا۔ عام جلسوں اور کارنر میٹنگس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مہاراشٹرا، راجستھان، اتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں بی جے پی کو کامیاب بنانے کیلئے مجلس نے اپنے امیدواروں کو کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجلس پارٹی 24 گھنٹے بی جے پی کی مدد کررہی ہے۔ ایسے حلقہ جات جہاں ان کا کوئی لینا دینا نہیں وہاں اچانک جادوئی انداز میں امیدوار میدان میں آتے ہیں۔ مجلس کے امیدواروں کو بی جے پی فنڈز فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس، بی جے پی اور مجلس تینوں ایک ہی طاقت ہیں جن کا مقصد کانگریس کو اقتدار سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اصل مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ہے۔ بی جے پی اور مجلس کے ساتھ ملکر بی آر ایس کانگریس کو روکنے کی سازش کررہی ہے۔ پارلیمنٹ میں بی جے پی کی ہر قدم پر بی آر ایس نے تائید کی۔ نوٹ بندی، کسان بل اور جی ایس ٹی میں مرکز کی تائید کی گئی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کے مقدمات ہیں خود میرے خلاف 24 مقدمات ہیں، میری لوک سبھا کی رکنیت ختم کردی گئی اور سرکاری گھر چھین لیا گیا، میں نے کہا کہ آپ کے گھر کی مجھے ضرورت نہیں ہے تلنگانہ اور پورا ہندوستان میرا گھر ہے، کروڑوں عوام کے دلوں میں میرے لئے جگہ ہے اور وہ ضرورت پڑنے پر مجھے اپنے گھر میں جگہ دیں گے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کے سی آر کے خلاف بدعنوانیوں کا ایک بھی کیس درج نہیں کیا گیا کیونکہ وہ نریندر مودی سے ملے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ میں بی جے پی کی ہوا خارج کردی ہے۔ بی جے پی کے چاروں ٹائر پنکچر ہوچکے ہیں۔ تلنگانہ میں او بی سی چیف منسٹر سے متعلق بی جے پی کے وعدہ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ تلنگانہ میں محض 2 فیصد ووٹ سے بی جے پی چیف منسٹر کیسے بنا پائے گی۔ انہوں نے مذاق اڑایا کہ تلنگانہ میں او بی سی چیف منسٹر کا دعویٰ کچھ اس طرح ہے جیسے نریندر مودی امریکہ جاکر او بی سی صدر کا اعلان کریں۔ نہ ہی امریکہ اور نہ تلنگانہ میں بی جے پی صدر اور چیف منسٹر بنا پائے گی۔ راہول گاندھی نے چار ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں کامیابی کے بعد 2024 میں دہلی سے بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ عوام نے علحدہ ریاست کے ذریعہ جو خواب دیکھا تھا وہ چکنا چور ہوچکا ہے۔ عوام کی بھلائی کے بجائے صرف ایک خاندان کی بھلائی اور ترقی ہوئی ہے۔ کے سی آر ایک راجہ کی طرح سلطنت چلارہے ہیں اور تلنگانہ میں ایک راجہ اور اس کے خاندان کا راج ہے۔ آمدنی کے تمام محکمہ جات چیف منسٹر یا ان کے افراد خاندان کے تحت ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ میں ایک لاکھ کروڑ کی لوٹ کے باوجود غیر معیاری پراجکٹ تعمیر ہوا ہے۔ پراجکٹ کے برج کے کھمبے غرقاب ہوچکے ہیں۔ کے سی آر نے تلنگانہ کو قرض میں ڈبودیا ہے۔ 2040 تک تلنگانہ کا ہر خاندان ہر سال قرض کے طور پر 31500 روپئے ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عوامی حکومت کے بجائے زمینداروں کی حکومت ہے۔ کانگریس نے دلت، آدی واسی اور کمزور طبقات کو لاکھوں ایکر اراضی حوالے کی تھی لیکن کے سی آر حکومت نے دھرانی پورٹل کے نام پر غریبوں سے زمینات کو چھین لیا جس کے نتیجہ میں 20 لاکھ کسانوں کو نقصان ہوا ہے۔ کے سی آر نے جو پیسہ لوٹا ہے اسے کانگریس عوام کی جیب میں پہنچائے گی۔ کے سی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ سے ہٹانے کے بعد بدعنوانیوں اور لوٹ کی جانچ کرائی جائے گی۔ راہول گاندھی نے کہا کہ میں نریندر مودی نہیں جو وعدوں پر عمل نہ کروں، میں جو وعدہ کرتا ہوں اسے پورا کرتا ہوں۔ مودی کے 15 لاکھ روپئے عوام کو نہیں ملے لیکن اڈانی کے اکاؤنٹ میں ایک لاکھ کروڑ جمع ہوئے ہیں۔ تلنگانہ سے میرا رشتہ سیاسی نہیں بلکہ خاندانی ہے، نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی سے آپ کا خاندانی رشتہ ہے۔ راہول گاندھی نے کانگریس کی 6 ضمانتوں کا ذکر کیا جن میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد، 500 روپئے میں گیس سلینڈر، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، پنشن کو 2 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپئے کرنا اور کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے کی امداد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کو 10 لاکھ روپئے تک علاج مفت حاصل ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کریں اور عوام کے خوابوں کے تلنگانہ کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی نے راہول گاندھی کی ہندی تقریر کا تلگو میں ترجمہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔
تلنگانہ سے میرا رشتہ سیاسی نہیں بلکہ خاندانی ہے، نہرو، اندرا گاندھی، راجیو گاندھی، سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی سے آپ کا خاندانی رشتہ ہے۔ راہول گاندھی نے کانگریس کی 6 ضمانتوں کا ذکر کیا جن میں خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے کی امداد، 500 روپئے میں گیس سلینڈر، خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، پنشن کو 2 ہزار سے بڑھا کر 4 ہزار روپئے کرنا اور کسانوں کو فی ایکر 15 ہزار روپئے کی امداد شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کو 10 لاکھ روپئے تک علاج مفت حاصل ہوگا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کے سی آر کو اقتدار سے بیدخل کریں اور عوام کے خوابوں کے تلنگانہ کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔ سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی نے راہول گاندھی کی ہندی تقریر کا تلگو میں ترجمہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔