نئی دہلی: کانگریس رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے آج ایک بار پھر مرکز کی مودی حکومت پر بڑھتی مہنگائی کو لے کر طنز کسا ہے۔ راہل گاندھی نے مہنگائی، پٹرول و ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور نوجوانوں کو روزگار دینے جیسے ایشوز کو لے کر بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ کر بی جے پی حکومت کو مہنگائی اور بے روزگاری پر بلڈوزر چلانے کی صلاح دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو لوگوں کے مسائل پر بلڈوزر چلانا چاہیے، لیکن بی جے پی کے بلڈوزر پر نفرت اور دہشت سوار ہے۔راہل گاندھی نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کے عوام کا دم نکال دیا ہے۔ حکومت کو لوگوں کے ان مسائل پر بلڈوزر چلانا چاہیے، لیکن بی جے پی کے بلڈوزر پر تو نفرت اور دہشت سوار ہے۔