بی جے پی کے حق میں مخالف تلنگانہ پون کلیان کی انتخابی مہم افسوسناک

   

کانگریس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ ، صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد :4فبروری ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مخالف تلنگانہ پون کلیان کی بلدی انتخابات میں بی جے پی کے حق میں انتخابی مہم سے نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے پون کلیان کو بے اثر قائد قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی کے حق میں پون کلیان کی انتخابی مہم سے کانگریس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پون کلیان مخالف تلنگانہ ہے اور انہوں نے تلنگانہ تحریک کے دوران جہد کاروں کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس کئے تھے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ مخالف تلنگانہ شخص کو بی جے پی کی جانب سے انتخابی مہم میں شامل کرنا افسوسناک ہے ۔ پون کلیان کی اپیل پر ایک بھی شخص بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بلدی انتخابات میں بی جے پی کا نتیجہ صفر رہے گا ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں بی جے پی نے مذہبی اساس پر انتخابی مہم چلائی لیکن بی جے پی امیداور کی ضمانت بھی نہیں بچی ۔ مہیش کمار نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بی جے پی پھر ایک مرتبہ مذہبی سیاست کا سہارا لے رہی ہے ۔ بی جے پی کے قومی صدر کو انتخابی مہم کیلئے مدعو کیا گیا جو خود اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی مجالس مقامی کے چناؤ میں کامیابی کے بارے میں فکر مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قومی صدر کی آمد کے باوجود نتائج پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اور پارلیمنٹ چناؤ میں عوام نے بی جے پی اور ٹی آر ایس دونوں کو مسترد کردیا ہے ۔ کانگریس پارٹی حکومت کی دو سالہ کارکردگی اور فلاحی اسکیمات کی بنیاد پر عوام سے ووٹ مانگ رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پنچایت راج چناؤ کے نتائج کی طرح مجالس مقامی کے چناؤ میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے 8 ارکان پارلیمنٹ ہیں باوجود اس کے مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔بی جے پی قائدین کو ناانصافی کے خلاف عوام کو جواب دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں مرکز نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ ریاست کو 3.76 لاکھ کروڑ کی اجرائی باقی ہے لیکن مرکز نے گزشتہ پانچ برسوں میں محض 1.84 لاکھ کروڑ جاری کئے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے پراجکٹ کی تکمیل میں مرکز نے کوئی تعاون نہیں کیا ۔ حیدرآباد کے کئی اہم پراجکٹس مرکز کی منظوری کے منتظر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں عوام نے کانگریس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ 1