چیف منسٹر کے امیدوارکے نام کا اعلان کرنے بی جے پی کو چیلنج ، عام آدمی پارٹی کے تمام اسکیمات جاری رکھنے کا وعدہ
نئی دہلی 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہاکہ بی جے پی کے پاس دہلی کا چیف منسٹر بننے کے قابل کوئی لیڈر نہیں ہے۔ 8 فروری کو رائے دہی کے لئے آج آخری انتخابی مہم کے موقع پر اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی قابل قائدین سے محروم ہے۔ اُنھوں نے اپنی حکومت کی مفت اسکیمات کو جاری رکھنے وعدہ کا عہد کیا اور کہاکہ ہوسکے تو مزید ضروری اسکیمات متعارف کروائی جائیں گی۔ غیر مجاز کالونیوں کو نظرانداز کردینے کے بشمول کئی ایک مسائل پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اروند کجریوال نے کہاکہ سی اے اے کے خلاف جاری احتجاج کو ختم کرانے کے لئے بی جے پی حکومت نے کچھ پہل نہیں کی۔ شاہین باغ کی سڑک کو بھی صاف کردینے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ اروند کجریوال نے کہاکہ بی جے پی میں قابل قائدین کا فقدان ہے۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ اگر بی جے پی کے قائدین سمبت پاترا یا انوراگ ٹھاکر کو چیف منسٹر کے لئے عہدہ کے لئے منتخب کیا گیا تو کیا ہوگا؟ کجریوال نے بی جے پی کو چیلنج کیاکہ وہ چیف منسٹر کے امیدوار کا اعلان کرکے دکھائے۔ انوراگ ٹھاکر کو الیکشن کمیشن نے انتخابی جلسوں میں نفرت انگیز تقاریر کرنے پر انتخابی مہم سے روک دیا۔ ان پر انتخابی مہم چلانے کی پابندی ہے۔ سمبت پاترا جو بی جے پی کے ترجمان ہیں کو بھی الیکشن کمیشن نے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کی ہے کیوں کہ انھوں نے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو کے دوران اشتعال انگیز ریمارکس کئے تھے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے مزید کہاکہ ان کی حکومت کی جانب سے شروع کردہ موجودہ تمام مفت اسکیمات کو جاری رکھا جائے گا۔ دہلی کے عوام کے لئے یہ اسکیمات شروع کی گئی تھیں۔ اگر ضروری ہوا تو اس طرح کی مزید اسکیمات کو متعارف کروایا جائے گا۔ اُنھوں نے اپنی حکومت کے دوبارہ اقتدار پر آنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہاکہ دہلی کے عوام ان کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تو وہ دوبارہ عام آدمی پارٹی کو منتخب کریں گے۔ اگر دوبارہ اقتدار کے لئے ووٹ دیا گیا تو ان کے پاس پانچ اعلیٰ ترین ترجیحات کی اسکیمات کی فہرست ہے۔ کجریوال جن کی پارٹی نے گزشتہ انتخابات میں 70 رکنی دہلی اسمبلی کے منجملہ 67 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی کہاکہ وہ دہلی کی آلودگی کو کم کرنے کے لئے کام کریں گے۔ سڑکوں کو ازسرنو ڈیزائن کیا جائے گا۔ دہلی کو صاف ستھرا بنایا جائے گا۔ 24 گھنٹے صاف ستھرا پانی سربراہ کیا جائے گا اور ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ کجریوال نے کہاکہ بی جے پی اسمبلی انتخابات کو منتشر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اُنھوں نے یہ بھی زور دے کر کہاکہ 11 فروری کے انتخابی نتائج بتائیں گے، وہ کامیاب ہوگی یا نہیں۔ شاہین باغ میں مخالف سی اے اے احتجاج پر عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے شاہین باغ کی سڑک کو صاف نہیں کروایا کیوں کہ اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ آخر وزیرداخلہ امیت شاہ کو کس بات کی رکاوٹ ہے کہ اُنھوں نے یہ سڑک خالی نہیں کروائی۔ دہلی کے عوام کو مشکلات میں ڈال کر وہ اس احتجاج پر گندی سیاست کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی صرف شاہین باغ کی بات کررہی ہے اور اس نے غیر مجاز کالونیوں کو ریگولرائز کرنے کے اپنے وعدہ کو یکسر فراموش کردیا ہے۔ بی جے پی قائدین 15 جنوری سے صرف شاہین باغ احتجاج کی رٹ لگائے ہوئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے بارے میں اُنھوں نے کہاکہ یہ انتخابات ملک میں نئی قسم کی سیاست کو وجود میں لائیں گے اور یہ سیاست کام کی بنیاد پر قائم ہوگی۔ لوگ صرف کام کرنے والے قائدین کو ووٹ دیں گے۔ بکواس کرنے والوں کو مسترد کردیں گے۔
