بی جے پی کے ہندوتواپر تنقید ، قومی ترانے پر بحث نے سنگھ کی قلعی کھول دی: ادھوٹھاکرے

   

ناگپور، 11 دسمبر (یو این آئی) شیو سینا (یو بی ٹی) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے جمعرات کو بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمراں جماعت کا ”وندے ماترم” محض دکھاوا ہے اور عملی طور پر وہ مادرِ وطن کے درد کو محسوس کرنے سے قاصر ہیں۔ ودھان بھون کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی سیاسی فائدے کیلئے وندے ماترم کی آڑ لیتی ہے جبکہ حقیقت میں یہ اُن کے لیے صرف ون ڈے ماترم ہے ۔ٹھاکرے نے پارلیمنٹ میں اچانک وندے ماترم پر ہونے والی بحث کے مقاصد پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس بحث نے سنگھ کو بے نقاب کر دیااور کئی ایسی حقیقتیں سامنے آئیں جو اب تک چھپی ہوئی تھیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ کسی بھی ملک میں قومی ترانے پر اس طرح کا تنازعہ کیسے پیدا ہو سکتا ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے بی جے پی کی نظریاتی تاریخ پر بھی حملہ کیا اور الزام لگایا کہ جس شخصیت کو بی جے پی اپنا رہنما مانتی ہے ، شاما پرساد مکھرجی، وہ مسلم لیگ کے فضل الحق کے ساتھ بنگال حکومت میں شامل تھے ۔