نظام آباد۔ 21؍دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گیارنٹی اسکیم (MGNREGA) کے نام میں تبدیلی کے خلاف آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل اور پردیش کانگریس کمیٹی کی ہدایات پر آج نظام آباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر کے ناگیش ریڈی اور سٹی کانگریس صدر ببلی راما کرشنا کی قیادت میں گاندھی چوک پر احتجاجی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر گاندھی کے مجسمہ کو دودھ سے دھویا گیا اور پھولوں کی مالا چڑھا کر خراج عقیدت پیش کی اس پروگرام میں کانگریس کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مرکز کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج درج کروایا۔ اس پروگرام میں ریاستی اردو اکیڈمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان اسٹیٹ کوآپریٹو یونین لمیٹڈ چیئرمین مانالا موہن ریڈی اور نوڈا چیئرمین کیشا وینو بطور مہمانانِ خصوصی طور پر شرکت کی اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے طاہر بن حمدان نے کہا کہ دیہی علاقوں میں روزگار کی فراہمی کے لیے ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 100 دن کی روزگار ضمانت اسکیم متعارف کرائیں جس سے لاکھوں افراد کو کام ملا اور دیہی و قبائلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام انجام پائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت گاندھی کے نام اور نظریات سے خوفزدہ ہے، اسی لیے اسکیم کے نام میں تبدیلی کی جا رہی ہے، جبکہ بی جے پی سے وابستہ تنظیمیں گاندھی کے قاتل کے نظریات کو فروغ دے رہی ہیں۔ اس احتجاجی پروگرام میں سابق ایم ایل سی آکولہ للتا، پی سی سی ڈلیگیٹ شیکھر گوڑ، پرچار کمیٹی چیئرمین محمد جاوید اکرم، مختلف کمیٹیوں کے صدور، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی، خواتین و اقلیتی قائدین کے علاوہ بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان موجود تھے۔
