پارٹی صرف میڈیا میں زندہ ہے ۔ بنگال میں ترنمول کو اقتدار حاصل ہوگا ۔ چیف منسٹر ممتابنرجی کا خطاب
کولکاتہ ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج بی جے پی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ یہ پارٹی گیس بھرا غبارہ ہے جو صرف میڈیا میں زندہ ہے ۔ ممتا نے کہا کہ بی جے پی غیرقانونی دولت جمع کرنے والوں کیلئے واشنگ مشین بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن قائدین نے ترنمول کانگریس سے انحراف کرکے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے انہوں نے جمع کردہ دولت کیلئے ایسا کیا ہے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ انہوں نے اگر یہ قائدین ترنمول میں بنے رہتے تب بھی انہیں ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کیلئے تشویش کی کوئی بات نہیں ہے اور ححکومت ’’ ماں ۔ ماٹی ۔ منش ‘‘ کے نعرہ کے ساتھ دوبارہ اقتدار حصال کرلے گی ۔ بی جے پی ایک گیس بھرا غبارہ ہے جو صرف میڈیا میں زندہ ہے ۔ ان کے پاس دولت ہے اور وہ لوگ سڑکوں پر اپنی پارٹی کے پرچم لہرانے کیلئے ایجنسیوں کو استعمال کر رہے ہیں۔ ممتا نے کہا کہ بی جے پی کو ایسا کرنے دیجئے اور میڈیا میں زندہ رہنے دیجئے ۔ ترنمول کانگریس عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی ۔ عوام نے ہی انہیں یہ تیقن دیا ہے اور وہ ( ممتا ) عوام کیلئے ایک بہتر مستقبل کو یقینی بنائیں گی ۔ انہوں نے آل انڈیا فئیر پرائس شاپ ڈیلرس فیڈریشن کی ریاستی سطح کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ ڈاکووں نے اچانک ہی دولت جمع کرلی ہے اور اب وہ ’ بی جے پی واشنگ مشین ‘ سے رجوع ہو رہے ہیں جہاں وہ سیاہ داخل ہوکر سفید واپس آ رہے ہیں۔ یہ قائدین بی جے پی میں صرف دولت کیلئے جا رہے ہیں اور کچھ نہیں۔ اگر یہ لوگ ترنمول میں برقرار بھی رہتے تو انہیں ٹکٹ نہیں دیا جاتا ۔ ایسے لوگوں کو کیوں ٹکٹ دیا جانا چاہئے جنہوں نے غلط کام کئے ہیں۔ اگر ان کی بجائے نئے لوگوں کو ٹکٹ دیا جائے تو عوام خوش ہونگے ۔ انہوں نے مرکز کی این ڈی اے حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ اس نے مغربی بنگال سے مناسب مقدار میں دھان نہیں خریدے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی شکایت یہ ہے کہ مرکزی حکومت بڑی باتیں کرتی ہے لیکن عوام کو فوڈ کارپوریشن سے فراہم چاول سڑے ہوئے ہیں۔ مرکز نے اترپردیش اور آندھرا پردیش سے لاکھوں ٹن چاول خریدے جبکہ مغربی بنگال سے صرف 69,000 ٹن چاول خریدے گئے ۔ ریاستی حکومت نے کسانوں سے 45 تا 50 لاکھ ٹن دھان خریدے اور ہرکیلو پر 31 روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ یہ چاول راشن شاپس سے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ ایسا کام ملک کی کسی ریاست میں نہیں کیا گیا ۔ ممتابنرجی نے راشن ڈیلرس لائسنس ایک سال کی مدت سے بڑھا کر تین سال کرنے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی راشن ڈیلر کی موت پر اس کے افراد خاندان کو دو لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرے گی ۔