بی جے پی یعنی بھارتیہ جھوٹی پارٹی : کویتا

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔8اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی کا حقیقی مطلب بھارتیہ جھوٹی پارٹی ہے اور بھارتیہ جھوٹا پارٹی عوام کو گمراہ کرنے میں کوئی دقیقہ نہیں چھوڑ رہی ہے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار حلقہ پارلیمان نظام آباد مسز کے کویتا نے آج اپنی انتخابی مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے انتخابی منشور کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ملک کے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ ہندستان کی تمام ریاستوں بالخصوص ریاست تلنگانہ کے عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کی حقیقت جان چکے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں گذشتہ 5برسوں کے دوران کوئی عمل آوری نہیں کی گئی اور ریاست تلنگانہ کے ساتھ بھارتیہ جنتا پارٹی نے جو نا انصافی کی ہے اس کا خمیازہ نہ صرف تلنگانہ میں بھگتنا پڑے گا بلکہ ملک میں بی جے پی جو نفرت کی سیاست کھیل رہی ہے اسے بھی ہندستان کے عوام مسترد کردیں گے۔ مسز کے کویتا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی نے تشکیل تلنگانہ سے قبل جو وعدے کئے تھے ان میں 80 فیصد وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جا چکا ہے اور جو کام کرنے ہیں وہ آئندہ 5برسوں میں مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔ ٹی آر ایس امیدوار کے ہمراہ انتحٓبی مہم کے دوران سابق اسپیکر ریاستی اسمبلی میں سریش ریڈی کے علاوہ دیگر ٹی آر ایس قائدین موجود تھے۔ مسز کے کویتا نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے غریب اور بے گھر عوام کو امکنہ کی فراہمی کے سلسلہ میں اسکیم شروع کی گئی اور اس اسکیم کے تحت ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تعمیر کو ممکن بنایا جا رہاہے۔انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت نے کسانوں کے لئے جو اسکیمات شروع کی ہیں ان اسکیمات کی نقل ملک کی دیگر ریاستوں اور مرکزی حکومت کی جانب سے کی جا رہی ہے جو کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر تلنگانہ راشٹر سمیتی امیدوار عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ریاست کے تمام 16امیدواروں کی کامیابی کے ذریعہ تلنگانہ عوام اپنی کامیابی اور مستحکم حکمرانی کو یقینی بناتے ہوئے مرکزی حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے کیونکہ مرکز میں مخلوط حکومت کی اب ہر گوشہ سے پیش قیاسی کی جانے لگی ہے۔