بی جےپی کے رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے کمل ناتھ کا ساتھ دیا

   

بھوپال: مدھیہ پردیش کی سیاست کا رنگ ہر لحظہ میں بدل رہا ہے۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی نارائن ترپاٹھی نے وزیر اعلی کمل ناتھ اور کانگریس حکومت کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی دو آزاد اراکین اسمبلی نے بھی کمل ناتھ حکومت کی حمایت کرنے کی بات کی ہے۔ علاوہ آزیں بی جے پی کے دو اراکین اسمبلی کے متعلق بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ بھی کمل ناتھ حکومت کا ساتھ دے سکتے ہیں۔

ترپاٹھی نے جمعہ کی رات وزیر اعلی کمل ناتھ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعلی کمل ناتھ اور ان کی حکومت کی حمایت کرتے ہیں۔

قبل ازیں ترپاٹھی جمعرات کی رات وزیر اعلی سے ملے تھے اور پھر اسمبلی اسپیکر کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔ اس وقت یہ افواہیں تھیں کہ وہ استعفی دے سکتے ہیں لیکن بعد میں ترپاٹھی نے اس کی تردید کردی۔

دوسری طرف آزاد ایم ایل اے سریندر سنگھ شیرا اور رانا وکرم سنگھ نے بھی کمل ناتھ حکومت کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر مملکت حکومت سریندر سنگھ باغیل بنگلور میں ہیں۔ امکان ہے کہ شیرا اور دیگر ایم ایل اے ہفتے کے روز بھوپال واپس آسکتے ہیں۔

شیرا نے بنگلور میں اپنی موجودگی کی تصدیق کردی ہے ، جبکہ کانگریس کے دیگر تین ممبران اسمبلی کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ ایک ایم ایل اے ہردیپ سنگھ ڈنگ نے اپنا استعفیٰ ارسال کیا ہے ، جبکہ بِساہو لال سنگھ کے اہل خانہ نے ان کے لاپتہ ہونے کے بارے میں پولیس اسٹیشن میں رپورٹ درج کروائی ہے۔