بی سی طبقات کو42فیصدریزرویشن، پیر کو ہائی کورٹ فیصلہ پر نظر

   

حیدرآبادیکم نومبر ( یو این آئی) شہر کے جوبلی ہلزاسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کے دوران تلنگانہ کی سیاست ایک بار پھر بی سی ریزرویشن کے مسئلہ کے گرد گھومنے لگی ہے ۔ بی سی طبقہ کو 42 فیصد ریزرویشن دینے کے سلسلہ میں داخل کردہ درخواست پر تلنگانہ ہائی کورٹ پیر کو ایک اہم فیصلہ سنائے گا۔ اس پس منظر میں پیر کو آنے والے عدالت کے فیصلہ پر نہ صرف بی سی تنظیموں بلکہ سیاسی جماعتوں میں بھی کافی دلچسپی دیکھی جا رہی ہے ۔ عدالت کے فیصلہ کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے کیا حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی، یہ سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے ۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخاب کی مہم اپنے عروج پر ہے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے ۔ ایسے میں ہائی کورٹ میں بی سی ریزرویشن کیس کی سماعت ریاستی سیاست کو کس سمت لے جائے گی، یہ جاننا تمام کے لئے تجسس کا باعث بن گیا ہے ۔ ریاست میں مقامی بلدی اداروں کے انتخابات میں بی سی طبقہ کے لئے 42 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے حکومت کے احکامات پر ہائی کورٹ نے پہلے ہی روک لگادی ہے ۔