حکومت سے 150 کروڑ روپئے جاری کرنے کی اپیل، وی ہنمنت راؤ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے بی سی مردم شماری کی تین ماہ میں تکمیل سے متعلق تلنگانہ ہائی کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پیش کی ہے اور تلنگانہ میں ریونت ریڈی حکومت نے مردم شماری کے حق میں اسمبلی میں بل پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی کمیشن کی تشکیل کے بعد ریاست میں بی سی طبقات کی مردم شماری کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے گھر گھر جامع سروے کا اہتمام کیا تھا لیکن آج تک رپورٹ جاری نہیں کی گئی انہوں نے بی آر ایس قائدین سے سوال کیا کہ جامع سروے کی رپورٹ آخر کہاں غائب ہوگئی اس بارے میں کے سی آر اور کے ٹی آر کو جواب دینا چاہیئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی سی طبقات کی مردم شماری تک ریاست میں مجالس مقامی کے انتخابات منعقد نہ کئے جائیں۔ ہائی کورٹ نے مردم شماری کیلئے تین ماہ کی مہلت مقرر کی ہے اور حکومت کو مردم شماری رپورٹ ہائی کورٹ میں پیش کرنی ہے۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت مردم شماری کے حق میں ہے۔ راہول گاندھی نے ملک بھر میں پدیاترا کرتے ہوئے بی سی طبقات کی مردم شماری کی تحریک چلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت کی جانب سے کئے گئے جامع سروے کی رپورٹ چیف سکریٹری کو پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر جامع سروے کی رپورٹ پیش کی گئی تو بی سی مردم شماری میں مدد ملے گی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں نیا بی سی کمیشن تشکیل پاچکا ہے لہذا بی سی مردم شماری کے امکانات روشن ہیں۔ راہول گاندھی نے 90 فیصد عوام سے ناانصافی ترک کرنے کیلئے مردم شماری کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر ریونت ریڈی 150 کروڑ روپئے جاری کرتے ہیں تو مردم شماری کا کام جلد مکمل ہوپائے گی۔ ہنمنت راؤ نے تلنگانہ میں بی سی مردم شماری کا کام جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی سی طبقات سے انصاف میں کے سی آر اور کے ٹی آر سنجیدہ ہیں تو انہیں جامع سروے رپورٹ برسر عام کرنی چاہیئے۔1