بیجنگ، 26 اگست (یواین آئی) چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منگل کی رات سے چہارشنبہ تک شدید بارش کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے ۔ موسلا دھار بارش کے امکان کے پیش نظر انتظامیہ نے سیلاب پر قابو پانے کیلئے شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دیا ہے ۔ بیجنگ میٹرولوجیکل آبزرویٹری نے کہا ہے کہ کچھ علاقوں میں چھ گھنٹے کے اندر 70 ملی میٹر سے زیادہ یا 24 گھنٹوں کے اندر 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے ۔ سات اضلاع میں شدید بارش کیلئے اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ جبکہ مضافاتی اضلاع مینٹوگو اور فانگشن کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلاب کا خدشہ ہے ۔ پانی اور موسمیاتی انتظامیہ نے مشترکہ طور پر پہاڑوں سے پانی جمع ہونے اور اچانک بھاری بارش ہونے کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ رات گیارہ بجے سے شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے ۔ جبکہ فانگشن، مینٹوگو، چانگپنگ اور یان کنگ اضلاع میں پہاڑی سیلاب کا زیادہ خطرہ ہے ۔ فلڈ کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے لوگوں سے سفر کو محدود کرنے ، دریاؤں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہنے اور نشیبی علاقوں یا پلوں کے نیچے پارکنگ سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے ۔