اقوام متحدہ : اقوام متحدہ سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے ماہرین نے لبنانی دارالحکومت بیروت میں ہوئے تباہ کن دھماکوں کی فوری اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ دھماکے اتنے شدید تھے کہ شہر کا ایک بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن گیا اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے تھے۔ عالمی سطح پر معروف انسانی حقوق کے تقریباً 38 کارکنوں نے لبنان میں غیر ذمہ دارانہ رویے اور حکام کو حاصل استثنیٰ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔ ان شخصیات کے مطابق دھماکوں کے پس منظر میں تمام دعووں، خدشات اور عوامی ضروریات کے ساتھ ساتھ وہاں انسانی حقوق کے احترام میں بنیادی ناکامیوں کا بھی جائزہ لیا جانا چاہیے۔