حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ بہت جلد چیف منسٹر کے سی آر نوجوانوں کے لیے بیروزگاری بھتہ کا اعلان کریں گے ۔ تلنگانہ بھون میں اسٹیٹ برقی ملازمین تنظیم کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے یہ بات بتائی ہے ۔ اس اجلاس میں وزیر برقی جگدیش ریڈی کے علاوہ دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے بیروزگار نوجوانوں کو خوشخبری دی اور بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر بیروزگار نوجوانوں کو خوش خبری دی ہے اور بتایا کہ چیف منسٹر بیروزگار نوجوانوں کے لیے بیروزگاری بھتہ کا اعلان کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال ریاست میں ایک لاکھ 30 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ برقی ملازمین نے جہاں تلنگانہ کی تحریک میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ وہیں ریاست تلنگانہ میں برقی پیداوار میں اضافہ کرنے کے لیے جو خدمات انجام دیں ہیں وہ ناقابل فراموش ہے ۔ برقی ملازمین کی محنت اور کوشش سے تلنگانہ میں 7 ہزار میگاواٹ پیدا ہونے والی برقی اب 14 ہزار میگاواٹ پیداوار تک پہونچ گئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں کہیں بھی برقی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ بلا وقفہ 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ مستقبل میں بھی برقی کے کوئی مسائل نہیں رہیں گے ۔ ریاست کے عوام برقی سربراہی کے معاملے میں پوری طرح مطمئن ہیں ۔ زرعی شعبہ کو حکومت کی جانب سے 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سولار برقی پیداوار میں تلنگانہ کو سارے ملک میں دوسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ سارے ملک میں تلنگانہ واحد ریاست ہے جو صنعتوں کو طلب کے مطابق برقی سربراہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ہر شعبہ کے مسائل حل کررہے ہیں ۔ برقی ملازمین کے جو بھی مسائل ہیں وہ بھی جلد از جلد حل ہوجائیں گے ۔۔