افریقی ملکوں نائجیریا اور زامبیا سے آمد کا شاخسانہ
ممبئی : نئے کوویڈ ویرینٹ ’اومی کرون‘ سے متاثرہ ملکوں سے آئے 6 مسافرین کوویڈ پازیٹیو پائے گئے ہیں۔ یہ تمام مسافرین جوکھم والے مختلف ملکوں سے مہاراشٹرا پہنچے ہیں۔ ایرپورٹ پہنچنے پر ان کا کوویڈ ٹسٹ کیا گیا حالانکہ ان میں سے کسی کو بھی کوویڈ انفیکشن کی علامتیں نظر نہیں آئی لیکن جب نمونوں کی جانچ کی گئی تو وہ کوویڈ پازیٹیو پائے گئے۔ مہاراشٹرا کے محکمہ صحت نے چہارشنبہ کو بتایا کہ تمام 6 مسافرین کے تعلق سے چھان بین کی جارہی ہیکہ ان کا کس کس کے ساتھ رابطہ قائم ہوا ہے۔ ان میں سے 3 کا ممبئی، کلیان۔ ڈومبی ویلی اور نیرا ۔ بھایندر کے علاقوں سے تعلق ہے۔ چوتھا 60 سالہ شخص ہے جو زامبیا سے ممبئی آیا اور پھر پونے پہنچا جہاں اسے ہوم کورنٹائن کردیا گیا ہے۔ اس شخص نے جس ٹیکسی کا استعمال کیا اس کے ڈرائیور کا بھی ٹسٹ کیا گیا جو نیگٹیو آیا۔ دیگر دو مسافرین نائجیریا سے پہنچے اور ان کا تعلق پمپڑی ۔ چنچواڑ سے ہے۔ آج یکم ؍ ڈسمبر سے ہندوستان میں تمام ایرپورٹس نے کورنٹائن مسافروں کے کوویڈ ٹسٹ کے سخت قواعد لاگو کردیئے ہیں تاکہ اومی کرون کو ملک میں پھیلنے سے روکا جاسکے۔ حکومت مہاراشٹرا نے جوکھم والے ملکوں سے آنے والے تمام مسافرین کیلئے 7 روزہ ادارہ جاتی قرنطینہ کو لازمی کردیا ہے۔