ریاض ۔11 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد بیرون ملک پھنسے سعودی عرب کے شہریوں کی واپسی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ کل انڈونیشیا سے سعودی شہریوں کے ایک گروپ کو خصوصی پرواز کے ذریعے وطن واپس پہنچایا گیا۔ کورونا کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے سعودی شہریوں کا یہ پہلا قافلہ ہے جو ملک میں واپس پہنچا ہے۔ ’العربیہ‘ کے مطابق بیرون ملک پھنسے شہریوں کا ریاض کے ہوائی اڈے پر مختلف وزارتوں کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب ایئر لائن کا طیارہ جمعہ کی صبح انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے 250 سعودی شہریوں کو لے کر ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچا۔
