نئی دہلی : گزشتہ 5 سال میں بیرون ملک کے کھاتوں میں کس قدر کالا دھن جمع کیا گیا، اِس تعلق سے سرکاری اعداد و شمار دستیاب نہیں اور قطعیت سے کوئی اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ہے۔ تاہم ، 2015 ء کے دوران 3 ماہ کی یک وقتی رعایت اسکیم کے تحت 2,476 کروڑ روپئے بطور ٹیکس اور پنالٹی وصول کئے گئے۔ حکومت نے آج پارلیمنٹ کو بتایا کہ 30 ستمبر 2015 ء تک 4,164 کروڑ روپئے مالیت کے بیرونی اثاثوں کا 648 گوشواروں کے ذریعہ انکشاف کیا گیا۔ مملکتی وزیر فینانس پنکج چودھری نے راجیہ سبھا میں تحریری جواب میں کہاکہ یہ انکشاف کالا دھن سے متعلق قانون کے تحت کیا گیا جس پر ٹیکس اور پنالٹی وصول کئے گئے۔ تاہم ، حکومت کے پاس بیرونی کھاتوں میں جمع کالا دھن سے متعلق کوئی سرکاری اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔ اِس لئے نہیں کہا جاسکتا کہ کہاں کس کا پیسہ جمع ہے۔