بین الاقوامی پروازیں بدستور معطل : سعودی فضائی کمپنی

   

دبئی ۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ تمام بین الاقوامی پروازیں ابھی تک تا حکم ثانی معطل ہیں۔ کمپنی کے مطابق مذکورہ پروازیں بتدریج بحال کی جائیں گی اور اس کا اعلان سرکاری ذرائع سے کر دیا جائے گا۔سعودی ایئرلائنز نے ٹویٹر پر اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر کی گئی ٹویٹ میں بتایا کہ اس وقت صرف اُن بین الاقوامی پروازوں کی اجازت ہے جو مملکت میں مقیم افراد کو واپس لانے کے لیے جا رہی ہیں۔ ان افراد نے باقاعدہ طور پر مملکت واپسی کی درخواست پیش کی تھی۔اس سے قبل سعودی ایئرلائنز نے گذشتہ روز اپنی اندرون ملک پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے کی گئی ٹویٹ میں بتایا گیا کہ جدہ اور حائل کے درمیان پروازوں کا آغاز پیر 15 جون سے ہو گا۔سعودی سول ایوی ایشن کی جنرل اتھارٹی نے اتوار 31 مئی 2020 سے ملکی فضائی کمپنیوں کے ذریعے اندرون ملک پروازوں کا آپریشن دوبارہ شروع کیا تھا۔ یہ آپریشن کورونا وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں متعین کردہ احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے مطابق شروع کیا گیا۔اس موقع پر اتھارٹی نے واضح کیا تھا کہ اندرون ملک فضائی پروازوں پر پابندی کو بتدریج ختم کیا جائے گا۔ اس کا مقصد سعودی ہوائی اڈوں کے راستے مسافروں کا سفر محفوظ بنانا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مملکت کے تمام ہوائی اڈوں پر احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کو مکمل طور پر نافذ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اسے وزارت صحت اور متعلقہ حکومتی اداروں کا تعاون حاصل ہے۔سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اندرون ملک فضائی پروازوں کا دوبارہ آغاز مرحلہ وار ہو گا۔ دو ہفتوں کے اندر تمام مقامات اس میں شامل ہو جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ کا کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، مدینہ منورہ کا پرنس محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہے۔ سعودی عرب نے 21 مارچ کو اندرون ملک فضائی پروازوں کو معطل کر دیا تھا۔ یہ اقدام دنیا بھر میں کورونا کی وبا پھیل جانے کے تناظر میں کیا گیا۔ تاہم انسانی بنیادوں، ہنگامی صورت حال اور بیرون ملک سے مملکت واپسی کے خواہش مند شہریوں کے سفر کو اس فیصلے سے مستثنی رکھا گیا۔