بین ریاستی سارقین کی ٹولی کے 3 ارکان گرفتار

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی کمشنر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے بین ریاستی بدنام زمانہ عادی سارقین کی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے 3 افراد کو گرفتار کرلیا اور مسروقہ اشیاء کو خریدنے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ماریڈپلی میں پیش آئی واردات کی تحقیقات کے دوران نارتھ زون ٹاسک فورس نے مہاراشٹرا کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والی ٹولی کے 3 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں 38 سالہ سنگت سنگھ اجمیرسنگھ کلیانی، 26 سالہ اکشے یوٹپ پاڈولے اور 29 سالہ وکرم سنگھ راجپوت مقیم پونے متوطن راجستھان کو گرفتار کرلیا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ وکرم سنگھ راجپوت مسروقہ سامان خریدا کرتا تھا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 10 لاکھ روپئے مالیتی سونے چاندی کی اشیاء کے علاوہ موبائیل فونس اور ایک اسپیشل ٹول جو قفل شکنی میں استعمال کیا جاتا تھا، کے علاوہ موٹرسیکل کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ سنگیت سنگھ سرقہ، لوٹ مار اور اقدام قتل جیسی 17 وارداتوں میں ملوث ہے۔ اس ٹولی کی گرفتاری سے پولیس نے 4 مقدمات کو حل کرلیا۔ ماریڈ پلی پولیس حدود کی 2 کاچیگوڑہ اور عنبرپیٹ میں پیش آئی ایک ایک وارداتوں کو اس ٹولی نے انجام دیا تھا۔ کالونی اور بستیوں میں گھومتے ہوئے بند مکانات کی نشاندہی کرنے کے بعد یہ ٹولی حالات کا جائزہ لیتے ہوئے واردات انجام دینے میں ماہر ہے۔ کمشنر پولیس نے نارتھ زون ٹاسک فورس ٹیم کی ستائش کی۔