بین سرحدی اضلاع رابطہ کمیٹی کی تشکیل

   

Ferty9 Clinic

نارائن پیٹ ۔ ضلع نارائن پیٹ اور پڑوسی ریاست کرناٹک کے سرحدی ضلع یادگیر کے پولیس اسٹیشنوں میں رابطہ اور تال میل کیلئے یادگیر ضلع مستقر پر نارائن پیٹ ضلع ایس پی ڈاکٹر ایم چیتنیا آئی پی ایس کے ساتھ یادگیر ضلع ایس پی ڈاکٹر وید مورتی آئی پی ایس نے مذکورہ دونوں اضلاع کے علاوہ ضلع گلبرگہ اور ضلع بیدر پولیس کے ساتھ سرحدی جرائم سے متعلق ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ اس موقع پر دونوں پڑوسی ریاستوں کے سرحدی اضلاع میں پولیس کو درپیش چیالنجس اور جرائم و حادثات سے واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ضلع ایس پی نارائن پیٹ ، شریمتی ڈاکٹر ایم چیتنا نے کہا کہ کسی بھی قسم کی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے سرحد پر مضبوط چوکیاں قائم کی جائیں ۔ انہوں نے دونوں علاقوں کے پولیس عہدیداروں سے اپیل کی کہ سرحد پر ہونے والی ہر نقل و حرکت پر گہری نظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کو معلومات فراہم کریں تاکہ امکانی برے حادثات و واردات کو روکا جاسکے ۔ دونوں علاقوں کے پولیس عہدیداروں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ایک دوسرے کے ساتھ تال میل اور رابطہ کیلئے ایک واٹس ایپ گروپ تشکیل دیں گے ۔ ایس پی افسران نے کہا کہ ہمیشہ مسلح نگران کا نظام دونوں طرف برقرار رکھیں اور اپنے فرائض کو بحسن و خوبی نبھاتے ہوئے جرائم کی روک تھام کرسکیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جرائم کی صورت میں فوری کارروائی کرتے ہوئے موثر شواہد حاصل کرتے ہوئے مجرموں کی موثر تفتیش اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ اس پروگرام میں نارائن پیٹ ضلع ایس پی کے علاوہ ڈی ایس پی مسٹر مدھوسدن راؤ سی آئی سریکانت ریڈی ، سی آئی مسٹر شنکر اور مختلف اضلاع کے سرحدی پولیس افسران نے شرکت کی ۔