بینکوں میں دھوکا دہی کے واقعات میں 15 فیصد اضافہ

   

۔2019ء میں 72 ہزار کروڑ روپئے ہڑپ لئے گئے
نئی دہلی۔30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے جمعہ کے دن آر بی آئی کی طرف سے شائع شدہ ایک رپورٹ کے تناظر میں حکومت پر سخت حملے کئے۔ آر بی آئی کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سال بہ سال کی اساس پر مالی سال 2018ء اور 2019ء کے درمیان دھوکا دہی کے واقعات میں 15 فیصد اضافہ ہوا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس قدر بڑے دھوکا دہی کے واقعات کی ضمانت دینے والے کون تھے؟ آر بی آئی نے دھوکا دہی کے جن واقعات کا تذکرہ کیا ہے اس میں جو رقم پائی گئی ہے اس میں مذکورہ سال 73.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔ مالی سال 2019ء میں مالیاتی دھوکا دہی کے 6801 واقعات ہوئے اور اس میں جملہ 71542.93 کروڑ روپیوں کا بینکوں کو نقصان ہوا جبکہ مالی سال 2017-18ء میں جملہ 5916 واقعات ہوئے تھے جن کا تعلق 41167.04 کروڑ روپیوں سے تھا۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ہندی ٹوئٹ میں لکھا کہ ملک کا سب سے بڑا بینک ادارہ آر بی آئی خود کہہ رہا ہے کہ حکومت کی ناک کے نیچے بینکوں میں دھوکا دہی کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بینکوں سے 72 ہزار کروڑ روپئے ٹھگ لیے گئے۔ کس نے اتنے بڑے دھوکہ دہی کے واقعات کے واقع ہونے کی ضمانت دی ہے؟ کون ان کا ضامن تھا؟