حیدرآباد۔یکم ستمبر، ( سیاست نیوز) گھٹکیسر ریلوے اسٹیشن کی پٹریوں پر ایک این آر آئی شخص نے ٹرین کے سامنے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی۔ بتایا جاتا ہے کہ 33 سالہ این گنگیا برطانیہ میں ملازمت کرتا تھا اور کچھ دن قبل اس کی بیوی نے وجئے واڑہ میں خودکشی کرلی تھی۔ بیوی کے انتہائی اقدام کی اطلاع پر وہ شہر آیا تھا اور جمعہ کی شام سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچ کر وجئے واڑہ جانے کیلئے ٹرین میں سوار ہوا۔ ریلوے پولیس کے بموجب گنگیا کی نعش گھٹکیسر اور بی بی نگر ریلوے اسٹیشن کے درمیان پٹریوں پر پائی گئی اور ریلوے پولیس سکندرآباد نے گنگیا کی نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا۔ بتایا جاتاہے کہ نعش کے پاس سے وجئے واڑہ کا ٹرین ٹکٹ بھی دستیاب ہوا۔ پولیس کا یہ کہنا ہے کہ بیوی کی خودکشی سے گنگیا دلبرداشتہ ہوگیا تھا اور اس نے یہ انتہائی اقدام کیا ہوگا۔ پولیس مہلوک کے رشتہ داروں سے ربط کررہی ہے ۔