نئی دہلی ۔ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کتپان اورعظیم بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فاسٹ یا اسپن بولنگ سے قطع نظر بیٹسمینوں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دے۔ دبئی میں کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ کے حالیہ میچ میںکنگز الیون پنجاب کے فیلڈر نکلوس پوران کی جانب سے پھینکی گئی تھرو سن رائزرز حیدرآباد کے وجے شنکر کے ہیلمٹ پر لگی جس کے بعد وہ زمین پرگرگئے۔ ٹنڈولکر نے اس واقعے کی ویڈیو کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیل دن بدن تیزہوتا جا رہا ہے لیکن کیا یہ محفوظ بھی ہو رہاہے؟ حال ہی میں ہم نے ایک واقعہ دیکھا جو بہت خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس بات سے قطع نظر کہ بیٹسمین اسپنرکا سامنا کررہا ہے یا فاسٹ بولرکا، پیشہ ورانہ سطح پر بیٹسمین کے لئے ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا جائے۔سچن ٹنڈولکر نے ٹوئٹر پردنیا کے تمام کرکٹ بورڈز کو ٹیگ کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے درخواست کی وہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔یک اور ٹوئٹ میں انہوں نے روی شاستری کو مخاطب کرتے ہوئے یاد دلایا کہ کس طرح ایک نمائشی میچ میں فْل ٹاس گیند پر ان کے بیٹ کا باہری کنارہ لیتی ہوئی گیند نکل گئی تھی اور وہ بال بال بچے تھے۔ٹنڈولکر نے کہا کہ یہ خطرناک زخم ہوسکتا تھا لیکن شکر ہے کہ ایسا نہیں ہوا۔سابق کرکٹر پرگیان اوجھا نے بھی ہیلممٹ کے حوالے سے ٹنڈولکر کے تحفظات کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیلمٹ کو وکٹ کیپر، قریب کھڑے فیلڈرز اور حتیٰ کہ امپائرز کے لیے لازمی قراردیا جانا چاہیے۔واضح رہیکہ سرپرگیند لگنے کے واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے کنکشن سب(سر پرگیند لگنے سے زخمی کھلاڑی) کے متبادل کا اعلان کیا تھا جس کے تحت میچ میں اس طرح کے زخمی ہونے والے کھلاڑی کے متبادل کو طبی معائنے کے بعد میدان میں جانے کی اجازت ہوتی ہے اور بیٹنگ اور بولنگ دونوںکر سکتا ہے۔