حیدرآباد، 21 نومبر (سیاست نیوز) وقار آباد میں خوشی کے موقع پر بڑا سانحہ پیش آیا جب ایک باپ بیٹی کی شادی سے چند گھنٹے قبل سڑک حادثے میں ہلاک ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق متوفی کی شناخت اننتپا متوطن وقار آباد کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ اتوار کو بیٹی اونتیکا کی شادی کے انتظامات کیلئے سامان خریدنے منڈل ہیڈکوارٹر گیا تھا ۔ گھر میں تیاریاں جاری تھیں اور منڈپ سجا دیا گیا تھا۔ لیکن گھر واپسی کے دوران اننتپا کا حادثہ ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق وہ موٹر سائیکل پر توازن کھو بیٹھا اور گرنے سے شدید زخمی ہوگیا ۔ اہل خانہ نے فوری انہیں تانڈور گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا، جہاں سے بہتر علاج کیلئے حیدرآباد منتقل کیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکا۔ انتہائی دردناک منظر اس وقت دیکھا گیا جب اننتپا کی نعش اسی شادی کے منڈپ میں لائی گئی جہاں بیٹی کی شادی ہونے والی تھی۔ پورے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ اس افسوسناک واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بڑی تیزی سے وائرل ہو گئیں۔ب