بیٹے کی شادی کیلئے جانے کے دوران حادثہ۔دلہے کے والد اوررشتہ دارموقع پر ہی جاں بحق

   

حیدرآباد 30اکتوبر(یواین آئی)بیٹے کی شادی کیلئے جانے کے دوران پیش آئے سڑک حادثہ میں دلہے کے والد جاں بحق ہوگئے اور 6رشتہ دارزخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ آندھراپردیش کے ضلع اننت پورمیں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق، یہ تمام افراد اترپردیش سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف ملازمتوں کے سلسلہ میں گزشتہ چند برسوں سے پرودوٹور میں مقیم تھے ۔ بیٹے کی شادی کے سلسلہ میں چہارشنبہ کو وہ راپور منڈل کے پنچالکونا کے لئے روانہ ہوئے تھے ۔ دلہا کی گاڑی آگے جا رہی تھی، جبکہ پیچھے آنے والی دوسری گاڑی میں دلہا کے والد 50سالہ سید باشا، رشتہ دار19سالہ سید آصف اور دیگر افراد سوار تھے ۔ تیز رفتار کار اچانک بے قابو ہو کر اننت ساگرم منڈل کے اُپلاپاڈو قومی شاہراہ پر کھڑی ایک لاری سے متصاد م ہوگئی جو دھان کی کٹائی کی مشین لے جا رہی تھی۔ تصادم کے بعد کار الٹ کر کھیت میں جا گری ۔ زخمی اندر پھنس گئے اور چیخ و پکار کرنے لگے ۔ اطلاع ملتے ہی سب انسپکٹر سوریہ پرکاش ریڈی اور سرینواسولو ریڈی موقع پر پہنچے ، کار کے شیشے توڑ کر زخمیوں کو باہر نکالا۔ دلہا کے والد سید پاشاہ اور ایک رشتہ دار آصف موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ، جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ اس المناک حادثہ سے پورے خاندان میں کہرام مچ گیا۔ کار میں سوار ذبیع اللہ اور عادل پال شدید زخمی ہوئے جبکہ چار افرادمعمولی زخمی ہوئے ۔