بیگم بازار قتل کیس کے ملزمین گرفتار: ڈی سی پی کا بیان

   

حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) بیگم بازار علاقہ میں قتل میں ملوث افراد کو شاہ عنایت گنج پولیس نے گرفتار کرلیا۔ 6 رکنی قاتلوں کی ٹولی میں 4 افراد بشمول ایک نابالغ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون مسٹر جوئیل ڈیوس نے بتائی۔ کل رات پیش آئی اس قتل کی واردات میں20 سالہ نیرج پنوار کا قتل کردیا گیا تھا جس میں مقتول کی بیوی کے رشتہ داروں 22 سالہ کے وجئے یادو ساکن شاہ عنایت گنج، 25 سالہ سنجے یادو ساکن کولسہ واڑی، 18 سالہ روہیت یادو ساکن افضل گنج اور ایک نابالغ کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اصل سرغنہ 26 سالہ ابھینندن یادو اور مہیش یادو مفرور بتائے گئے ہیں۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ قاتلوں کو گرفتار کرنے کیلئے 7 خصوصی ٹیمیں بشمول ٹاسک فورس حرکت میں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ 13 اپریل سال 2021 کو نیرج پنوار اور سنجنا نے اپنی پسند سے شادی کی تھی اس شادی سے سنجنا کے رشتہ دار خوش نہیں تھے۔ شادی کے بعد نیرج اور سنجنا شمشیر گنج فلک نما میں رہنے لگے۔ حالیہ دنوں نیرج پنوار کولسہ واڑی اس کی دکان آرہا تھا اور تب سے سنجنا کے رشتہ دار اس پر نظر رکھے ہوئے تھے جنہوں نے قتل کا منصوبہ تیار کیا اور کل رات موقع پاکر نیرج کا قتل کردیا گیا۔ کل رات پیش آئے قتل کی اس واردات کے بعد بیگم بازار کے علاقہ میں تاجروں نے احتجاج درج کرایا اور خاطیوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران سنجنا نے اپنے تین ماہ کے بچہ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنے رشتہ دار بھائیوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ حالات کے پیش نظر بیگم بازار کولسہ واڑی اور عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کے قریب پولیس نے سخت انتظامات کئے تھے۔ ع