23 مئی کو واردات ۔ پولیس حملہ آوروں کا پتہ چلانے میں اب تک ناکام
حیدرآباد 13 جون (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ بیگم بازار میں ایک ضعیف شخص کو زندہ جلاکر ہلاک کردیا گیا ۔ پولیس شاہ عنایت گنج کے مطابق 71 سالہ محمد لیاقت علی خاں پر دو نامعلوم افراد نے نامعلوم شئے ڈال کر انہیں جلادیا اور وہ علاج کے دوران فوت ہوگئے ۔ 23 مئی کو یہ واردات پیش آئی جہاں علاج کے دوران لیاقت علی خاں کل فوت ہوگئے ۔ شاہ عنایت گنج پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا تاہم نامعلوم حملہ آوروں کا ابھی تک پتہ نہ چل سکا ۔ بید واڑی بیگم بازار کے ساکن لیاقت علی خاں صاحبِ جائیداد تھے اور ان کے افراد خاندان کا کہنا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت لیاقت علی خاں کا قتل کردیا گیا ۔ واردات کے 20 دن بعد بھی حملہ آوروں کا کوئی سراغ نہ ملنا پولیس کی مستعدی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محمد لیاقت علی خاں کی شہر کے نواحی علاقہ کنکامامڑی میں قیمتی اراضی ہے اور اس جائیداد کے سلسلہ میں لیاقت علی خاں کا قتل کرنے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ مشتبہ افراد کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن شاہ عنایت گنج پولیس نے ان کے خلاف کارروائی نہیں کی ۔ محمد لیاقت علی خاں کے افراد خاندان نے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے سٹی پولیس کشنر متعلقہ ڈی سی پی اور شاہ عنایت گنج کے انسپکٹر سے درد مندانہ درخواست کی ہے کہ وہ خاطیوں کی جلد گرفتاری عمل میں لاکر ان کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ شاہ عنایت گنج انسپکٹر پولیس بالو چوہان نے بتایا کہ اس حملہ پر شبہ ہے تاہم پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کر رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ لیاقت علی خاں قتل کیس معاملہ کی مکمل تحقیقات پوری دیانتداری سے کی جارہی ہے اور حقیقت کو آشکار کرکے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ع