بیگم پیٹ Walden اسٹور کو بند کرنے کافیصلہ

   

متعدد مسائل سے دوچار،بنجارہ ہلز اور گچی باؤلی برانچس پر بھرپور توجہ، شوبھا کا بیان
حیدرآباد۔/11 جولائی، ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے بیگم پیٹ جیسے مصروف ترین علاقہ میں گزشتہ تین دہوں سے قائم’’ والڈن بک اسٹور ‘‘ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جہاں سے ہر بار ہیری پورٹر کی نئی کتاب جاری کی جاتی تھی۔ یہ بک اسٹور شہریوں بالخصوص بچوں کیلئے ایک نعمت سے کم نہیں تھی اور برسہا برس سے یہاں کی عوام اس سے بھرپور استفادہ کرتے رہے۔ یہ اسٹور چیف منسٹر کیمپ آفس سے بالکل قریب واقع ہے اس اسٹور کو بند کرنے کی متعددوجوہات جیسے آن لائن فروخت میں اضافہ ، ٹریفک کے مسائل، کتب بینی کی عادت میں تبدیلی اور دیگر وجوہات شامل ہیں۔ اسٹور نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 28 جون1990 کو شوبھا اور رام پرساد نامی جوڑے نے اسٹور کو قائم کیا تھا تاہم شوبھا نے بتایا کہ بیگم پیٹ علاقہ سے ایرپورٹ کی منتقلی ، ٹریفک کے مسائل و پارکنگ کا مسئلہ، بڑے فلائی اوورس، بھاری ٹریفک میں اضافہ کے باعث متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ یہ اسٹور بیگم پیٹ ایرپورٹ سے صرف تین کیلو میٹر پر واقع ہے تاہم ایرپورٹ کو شال 2008 میں یہاں سے منتقل کردیا گیا جس کے بعد اسٹور پر کافی اثر پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ آن لائن پر 30 تا40 فیصد ڈسکاؤنٹ کی بنیاد پر کتابوں کی فروخت سے ان کا اسٹور منفی اثر کا شکار ہوگیا تھا۔ اسٹور کے قیام کے وقت اس علاقہ میں کسی قسم کا کوئی مال موجود نہیں تھا لیکن اب یہاں کی صورتحال کچھ اور ہی ہوگئی ہے۔ عوامی رجحان کو دیکھتے ہوئے چند سال قبل سے ہی ہم نے گریٹنگ کارڈس کی فروختگی کو کم کردیا تھا کیونکہ خریداری کا زیادہ رجحان نہیںتھا۔اس اسٹور پر سالِ نو، کرسمس اور دیگر ہمہ اقسام کے گریٹنگ کارڈس کاذخیرہ ہمیشہ موجود رہتا تھا۔ ہیری پوٹر کی جانب سے بچوں کیلئے تقریباً 90 کتابیں جاری کی گئی تھیں۔ جب کبھی ہیری پوٹر کی کتاب کی رسم اجراء تقریب منعقد کی جاتی صبح 6 بجے سے عوام کا ہجوم اسٹور پر جمع ہوجاتا تھا کیونکہ دوسرے دن کتاب فراہم نہیں کی جاتی تھی۔ ان کی اسٹور اپنی نوعیت کی ایک منفرد شناخت رکھتی تھی۔ ہیری پورٹر ان کے پروگرام کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوتا تھا۔ اسی دوران ایکٹر لکشمی منچو نے بتایا کہ ان کے بچپن میں گرمائی تعطیلات یہاں پرگذارا کرتے تھے جو کہ یادگار لمحات ثابت ہوتے تھے۔ بانی اسٹور شوبھا نے بتایا کہ ان کے بنجارہ ہلز اور گچی باؤلی کے دو برانچس بہتر طریقہ سے چل رہے ہیں اور ان اسٹورس کو جاری کھا جائے گا کیونکہ یہاں بچوں کے سیکشن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دو برانچس پر اب ان کی بھرپور توجہ ہے جہاں کے اسٹورس شاندار ہیں تاہم ردعمل کسی قدر کم ہے لیکن انہیں اسٹورس کو شہرت ملنے کا یقین ہے۔ بیگم پیٹ والڈن کی منتقلی کی کوئی قطعی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے تاہم دیگر برانچس کو اسٹاک منتقلی کا آغاز کردیا گیا ہے۔