بیگم پیٹ ائرپورٹ پر ہوابازی شائقین کا تانتا

   

ونگس انڈیا 2022 کا مشاہدہ ۔ نمائش آج بھی جا ری رہے گی
حیدرآباد 26 ۔ مارچ ( سیاست نیوز) بیگم پیٹ ائرپورٹ پر آج ہوابازی شائقین کا تانتا بندھا رہا۔ ونگس انڈیا 2022 نمائش کا مشاہدہ کرنے شائقین کی کثیر تعداد پہونچی ۔ ان میں کمپنیوں کے مندوبین سے لے کر سیلفی لینے کے خواہشمند ‘ حصول علم کے خواہاں افراد وغیرہ سب شامل تھے ۔ ریاست کے کئی شہروں سے ہوابازی کے شائقین ایشیا کی سب سے بڑی ہوابازی نمائش کا مشاہدہ کرنے پہونچے تھے ۔ اس نمائش کا وزارت شہری ہوا بازی اور فیڈریشن آف انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے مشترکہ انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے ۔ ٹیم سارنگ کی جانب سے پیش کئے گئے ائر شو کا مشاہدہ کرکے شائقین دم بخود رہ گئے ۔ پہلی مرتبہ آئے شائقین اور بچے اس سے بہت محظوظ ہوئے ۔ عوام نے اس خیال کا اظہار کیا کہ یہ شو نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے بہت زیادہ معلومات بھی ہوتی ہیں۔ ملک کی دوسری ریاستوں سے بھی طلبا اور نوجوان اس کا مشاہدہ کرنے پہونچے ۔ غیر مقامی افراد نے کہا کہ وہ پروازوں اور اڑان بھرنے کے کرشمے دیکھنے یہاں پہونچے ہیں۔ یہ نظارے خود انسان میں جوش بھردیتے ہیں۔ اس نمائش میںخانگی اور سرکاری ہوابازی اسٹالس موجود ہیں۔ عوام ان پر پہونچ کر مختلف معلومات بھی حاصل کرتے دکھائی دئے ہیں۔ یہاں فوڈ اسٹالس اور یادگاری اشیا کی اسٹالس بھی ہیں۔ یادگاری اسٹالس پر عوام کا بہت زیادہ ہجوم ہے جہاں سے انہیں ٹی شرٹس ‘ بیاجس ‘ کھلونے کے طیارے اور ہیلی کاپٹرس اور ماسک دستیاب ہو رہے ہیں۔ یہ چار روزہ نمائش اتوار کو بھی جاری رہے گی اور ٹکٹس آن لائین بھی دستیاب ہیں۔