بیگوسرائے حلقہ سے گری راج سنگھ کا پرچہ داخل

   

بیگوسرائے ( بہار ) 6 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے آج بیگو سرائے حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ یہاں انہوں سی پی آئی امیدوار کنہیا کمار اور آر جے ڈی کے تنویر حسن سے سخت مقابلہ درپیش ہے ۔ بی جے پی لیڈر نے مقامی شیوا مندر میں پوجا کی اور بعد میں کلکٹوریٹ پہونچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ ٹاون کے مضافات میں جمعہ کو ہوئے ایک حادثہ کے پیش نظر پرچہ نامزدگی کے ادخال کا جلوس بڑا نہیں رکھا گیا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی امیدواری پر لوگوں میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔

سابق نائب فوجی سربراہ
شرت چند بی جے پی میں شامل
نئی دہلی 6 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف آف آرمی اسٹاف لیفٹننٹ جنرل شرت چند ( ریٹائرڈ ) نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ سشما سوراج بھی موجود تھیں۔ شرد چند گڑھوال رائفلس سے تعلق رکھتے تھے اور وہ گذشتہ سال یکم جون کو نائب چیف آف آرمی کی حیثیت سے سبکدوش ہوئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے عالمی منظر نامہ میں ملک کو مستحکم قیادت کی ضرورت ہے اور وہ مودی کی قیادت سے مطمئن ہیں۔