بے روزگاری اور قرض سے دلبرداشتہ ایک ہی گھر کے تین افراد کی خودکشی

   

Ferty9 Clinic

مریال گوڑہ۔/24 جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مریال گوڑہ کے بلدی حلقہ سنتوش نگر میں پیش آئے اقدام خودکشی کے دردناک واقعہ میں ایک ہی گھر کے تین افراد کے منجملہ دو کی موت واقع ہوگئی اور ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تفصیلات کے بموجب 45 سالہ پی لوکیش جو کچھ عرصہ سے بے روزگار تھا اور مالی پریشانی میں مبتلاء تھا اور بہت زیادہ مقروض بھی ہوگیا تھا۔ آئے دن قرض دار قرض لوٹانے کی مانگ کررہے تھے جس سے وہ دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرنے ارادہ کیا اور اپنی 40 سالہ بیوی مترلاملہ کو اور اس کی چھوٹی بہن جو حیدرآباد میں مقیم ہے اس کو اطلاع دی۔ جس پر اس کی بہن نے اس کو اس انتہائی اقدام سے باز رکھنے کی کوشش کی اور اپنی دوسری بہن جو نلگنڈہ میں مقیم ہے اس کو اطلاع دیتے ہوئے فوری مریال گوڑہ پہنچ کر اس انتہائی اقدام کو روکنے کی ہدایت دی اس پر اس کی بہن نے فوری مریال گوڑہ ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں اس کی اطلاع دی ۔ پولیس جب لوکیش کے گھر پہنچی تو لوکیش اپنی بیوی اور 12 سالہ لوپت کو کولڈرنک میں کیڑے مار دوا پلا کر خود بھی پی لیا۔ اس طرح مقام حادثہ پر بیوی اور بچے کی موت واقع ہوگئی۔ جبکہ لوکیش کو انتہائی تشویشناک حالت میں حیدرآباد منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ٹوٹاؤن پولیس اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کررہی ہے۔