کیلی فورنیا میں خیر مقدمی تقریب۔ چیف جسٹس این وی رمنا کا خطاب
حیدرآباد، 2جولائی : (سیاست نیوز ) چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے کہا ہے کہ فی الحال جدید ٹکنالوجی کی دنیا میں جدید اختراعات ہو رہی ہیں۔ گزشتہ دو دہائیوں میں ہندوستان نے بہت تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان اختراع میں دنیا کا مقابلہ کر رہا ہے، اگر سوچ میں تبدیلی نہ آئے تو ہم آگے نہیں بڑھ سکتے۔ چیف جسٹس نے دورہ امریکہ کے موقع پر کیلی فورنیا میں انڈو امریکن ایسوسی ایشن کے خیرمقدمی پروگرام سے خطاب میں کہا کہ تبدیلی تب ہی ممکن ہے جب وقتاً فوقتاً نئے آئیڈیاز آئیں۔ تبدیلی کے لیے نظاموں کو ایک ساتھ آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امن ضروری ہے چاہے آپ کتنے ہی امیر کیوں نہ ہوں۔اگر معاشرہ میں امن نہیں ہے تو آپ آرام سے نہیں رہ سکتے۔ امریکہ میں مقیم غیر ملکیوں کو معاشرہ کی ترقی کیلئے لیڈر بن کر بڑا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ تمام تلگو عوام کو تلگودیشم کے بانی ومتحدہ آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی این ٹی راما راؤ سے پہچان ملی۔ تلگو بولنے والے جہاں بھی ہیں، زبان انہیں متحد کرتی ہے۔ ہمیں ایسے لیڈر تیار کرنے کی ضرورت ہے جو بے لوث خدمت گار ہوں۔جسٹس رمنا نے تجویز پیش کی کہ تارکین وطن کو معاشرہ کی ترقی کیلئے رہنما کے طور پر بڑھنا چاہیے۔چیف جسٹس رمنا نے کہا کہ نظام عوام میں تبدیلی کیلئے مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر خیالات میں تبدیلی نہ آئے تو ہم ایک قدم بھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان بچوں کی پہلی زبان ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انڈو امریکن۔ کانفرنس میں آنا اعزاز کی بات ہے۔