تاجر کے اغواء میں ملوث 3 افراد اندرون 24 گھنٹے گرفتار

   

تاوان کی رقم برآمد ، دوکاریں ، موٹر سائیکل ضبط ، ٹاسک فورس کی کارروائی ، پولیس کمشنر کا انکشاف
حیدرآباد ۔ /30 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے شہر کے ایک تاجر کے اغواء میں ملوث 3 اغواء کنندگان کو اندرون 24 گھنٹے گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے تاوان کی رقم برآمد کرلی ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ /28 جولائی رات 11.30 بجے شہر کے ایک فینانس کمپنی کے مالک گجیندر پاریکھ کو دومل گوڑہ کے اے وی کالج کے قریب اغواء کرلیا گیا تھا اور ایک کروڑ کی تاوان کی رقم کی ادائیگی کے بعد انہیں رہا کردیا گیا ۔ انجنی کمار نے کہا کہ گجیندر پاریکھ اغواء کنندوں کے چنگل سے رہا ہونے کے بعد علاج کیلئے دواخانہ پہونچے اور اندرون چند منٹ پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس کے نتیجہ میں ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم حرکت میں آگئی اور جملہ 11 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جس میں تکنیکی ٹیم نے اغواء کنندوں کی گرفتاری میں اہم رول ادا کیا ۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ اغواء کنندوں کی ٹولی کا سرغنہ 21 سالہ محمد الماس ہے جو کار ڈیلنگ کا کاروبار کرتا ہے اور مصری گنج کا ساکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الماس گجیندر پاریکھ کا گزشتہ 4 سال سے دوست ہے اور گجیندر پاریکھ کی مینا فینانس کمپنی کی جانب سے ضبط شدہ گاڑیوں کو بھی فروخت کیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد الماس کو اس بات کا علم تھا کہ گجیندر پاریکھ کے بھائی نے فارچیون فینانس کمپنی کو 40 کروڑ کا دھوکہ دیا ہے اور اس بات کا فائدہ اٹھانے کیلئے الماس نے اپنے دیگر ساتھیوں محمد اکبر اور میر شفیق علی کی مدد سے فینانس کمپنی کے مالک کا اغواء کرلیا ۔ /28 جولائی کی شب گجیندر پاریکھ الماس کے موٹر گاڑیوں کے دفتر موٹو زون موٹرس کے قریب پہونچنے پر اس کا اغواء کرلیا گیا اور اسی دوران گجیندر پاریکھ زخمی ہوگیا ۔ اغواء کنندوں نے فینانس کمپنی کے مالک کا اغواء کرنے کے بعد اسے الماس کے مکان واقع مصری گنج منتقل کیا اور وہاں سے بذریعہ فون 3 کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا ۔ گجیندر پاریکھ نے اپنے ایک دوست راہول کو فون کرکے اغواء کئے جانے کی بات بتائی جس پر راہول نے 1 کروڑ روپئے دینے کا وعدہ کیا ۔ جس کے بعد الماس اور شفیق موٹر سائیکل پر تاوان کی رقم حاصل کرلی اور رقم کے حصول کے بعد گجیندر پاریکھ کو بمبئی جوس سنٹر عابڈس کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے ۔ انجنی کمار نے کہا کہ اس سارے معاملہ میں پولیس چکڑ پلی پولیس نے ایک مقدمہ درج کیا تھا اور ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر اغواء کنندوں کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے 36 لاکھ ضبط کرلئے گئے ۔ اغواء میں استعمال کئے جانے والی دو کاریں اور ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کرلی گئی ۔ اغواء کے معاملے میں ملوث مزید دو اغواء کنندوں کی پولیس کو تلاش ہے اور انہیں بھی عنقریب گرفتار کرلیا جائے گا ۔