تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات مکمل

   

عوام کورونا قواعد کی پابندی کریں، تراویح اور افطار کے موقع پر مؤثر سہولتوں کی فراہمی، حکومت کی کمیٹی کا دورہ
حیدرآباد : تاریخی مکہ مسجد اور شاہی مسجد میں رمضان المبارک کے انتظامات کو قطعیت دینے کے لئے پروفیسر ایس اے شکور کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے آج دونوں مساجد کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کو منظوری دی۔ افطار اور تراویح کے موقع پر دونوں مساجد میں کوویڈ گائیڈ لائنس پر سختی سے عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں مساجد میں ماسک کے بغیر داخلہ کی اجازت نہیں رہے گی اور مصلیوں کو اپنے ساتھ جائے نماز لانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سماجی فاصلہ کے ساتھ صفوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ احتیاطی تدابیر کے طور پر دونوں مساجد کے حوض میں وضو کی اجازت نہیں رہے گی۔ تاہم وضو خانے کے نلوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور اور ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر محمد قاسم نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی کے ہمراہ مرمتی کاموں کا جائزہ لیا۔ مکہ مسجد کے صحن میں شیڈ کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ہر سال مصلیوں کی سہولت کے لئے عارضی شیڈ کا انتظام کیا جاتا ہے تاکہ جمعہ اور افطار کے موقع پر موجود سینکڑوں افراد کو بارش کی صورت میں کوئی دشواری نہ ہو۔ دونوں مساجد کے باہر کوویڈ گائیڈ لائنس کو آویزاں کیا جارہا ہے۔ کمیٹی نے مکہ مسجد کے لئے ایک ہزار کیلو اور شاہی مسجد کے لئے 500 کیلو کھجور کی خریدی کو منظوری دی ہے۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر کھجور وقفہ وقفہ سے سربراہ کیا جائے گا۔ سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد نے رمضان المبارک کے دوران کئے جانے والے انتظامات کی تفصیلات بیان کیں۔ اُنھوں نے کہاکہ گرما کے پیش نظر کولرس کا انتظام کیا گیا ہے اور برقی کی بلاوقفہ سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرس تیار رکھے جائیں گے۔ محکمہ برقی کو رمضان المبارک کے دوران سحر، افطار اور تراویح کے موقع پر بلاوقفہ برقی سربراہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ محکمہ جات برقی، آبرسانی، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، ہیلت اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو ہر سال کی طرح رمضان المبارک کے دوران انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی جانب سے تمام محکمہ جات کو انتظامات کے لئے مکتوب روانہ کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ عوام کورونا قواعد کی پابندی کرتے ہوئے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں حکومت سے تعاون کرینگے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ دونوں مساجد میں افطار اور تراویح کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور حکومت کی جانب سے مصلیوں کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ کولرس، واٹر ڈسپنسرس کا انتظام کیا گیا ہے۔ مائیک سسٹم کو عصری بنایا گیا ہے۔ رمضان المبارک کے تحت دونوں مساجد میں انتظامات کیلئے آؤٹ سورسنگ کی بنیاد پر فی کس 15 ملازمین کا انتظام کیا گیا ہے۔