تاریخی چارمینار کے اطراف صاف صفائی کا خاص خیال

   

رات میں روشنی کے انتظامات کو بہتر بنانے چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق کی ہدایت

حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے اطراف علاقہ کو ہر وقت صاف و خوبصورت بنائے رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کو اہمیت دی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں بلدیہ وقفہ وقفہ سے جائزہ حاصل کررہی ہے ۔ اس خصوص میں بلدی نظم و نسق کے چیف سکریٹری مسٹر اروندکمار نے چارمینار کا دورہ کیا اور عہدیداروں کو تاریخی چارمینار کے اطراف صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔ خصوصاً رات کے اوقات روشنی میں اضافہ کی ہدایت دی۔ انہوں نے روشنی کے انتظامات کو باقاعدہ بناتے ہوئے چارمینار کی خوبصورتی میں اضافہ کا حکم دیا۔ انہوں نے اس سلسلہ میں پرانے شہر کے برساتی پانی کے بہاؤ نظام کابھی جائزہ لیا اور چارمینار کے اطراف علاقہ جات شاہ علی بنڈہ، ہمت پورہ، عبداللہ بلڈنگ، مرغی چوک، سٹی کالج، نیاپل کا دورہ کیا اور چیف سکریٹری نے بتایا کہ شاہ علی بنڈہ علاقہ میں نظام دور حکومت کا ڈرین سسٹم پایا جاتاہے جو بہتر ین انداز میں کام کررہا ہے۔ اس موقع پر عہدیداروں نے چیف سکریٹری کو بتایا کہ 1908 میں موسی ندی میں طغیانی کے بعد حالات کو دیکھتے ہوئے اس سسٹم کو تعمیر کیا گیا تھا۔ انہوں نے زونل کمشنر کو ہدایت دی کہ اندرون ہفتہ نیاپل کے علاقہ میںصفائی کے کام مکمل کرلئے جائیں اور ساتھ ہی انہوں نے آرچ بریج پر لائٹنگ ( روشنی ) اور فینسنگ کے کاموں کو تکمیل کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر چیف انجینئر جناب ضیاء الحسن زونل کمشنر مسٹر سرینواس ریڈی و دیگر موجود تھے۔