پیٹلہ برج اور ہری باؤلی کے دواخانوں میں ضروری اشیاء کی تقسیم
حیدرآباد: تاریخی چارمینار کے دامن میں راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگاری کمیٹی کی جانب سے آنجہانی وزیراعظم کی 30 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ راجیو گاندھی نے 19 اکتوبر 1990 کو تاریخی چارمینار سے سدبھاؤنا یاترا کا آغاز کیا تھا۔ لاک ڈاؤن تحدیدات کے پیش نظر کانگریس کے محدود تعداد میں قائدین اور کارکنوں نے پروگرام میں شرکت کی ۔ کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے راجیو گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول نچھاور کئے ۔ انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ملک کی سائنس و ٹکنالوجی کے شعبہ میں ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ 18 سال کے نوجوانوں کو ووٹ کا حق اور مجالس مقامی کے اختیارات میں اضافہ راجیو گاندھی کا کارنامہ ہے۔ اس موقع پر 300 غریب اور مستحق افراد میں فروٹس ، انڈے اور دیگر اشیاء تقسیم کی گئیں۔ سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ میٹرنٹی ہاسپٹل پیٹلہ برج کے علاوہ کانگریس قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ کمیٹی کی جانب سے سورج بھان ہاسپٹل شاہ علی بنڈہ میں 60 خواتین میں کٹس کی تقسیم عمل میں آئی ۔ پردیش کانگریس کے سکریٹریز یوسف ہاشمی ، جی کنہیا لال کے علاوہ ٹی راجیش کمار ، محمد مجاہد ، موسیٰ کاظم اور دوسرے موجود تھے ۔