سابق رکن پارلیمنٹ سنجیویا ریڈی کو ایوارڈ کی پیشکشی
حیدرآباد ۔19۔اکتوبر (سیاست نیوز) راجیو گاندھی سدبھاؤنا یادگار کمیٹی کے زیر اہتمام آج تاریخی چارمینار کے دامن میں 33 واں راجیو گاندھی سدبھاؤنا یاترا یادگاری تقریب منعقد کی گئی ۔ سکریٹری اے آئی سی سی منصور علی خاں نے کانگریس پرچم لہرایا۔ اس موقع پر سابق مرکزی وزیر دیپا داس منشی ، اے آئی سی سی قائد میناکشی نٹراجن ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ ، ایم کودنڈا ریڈی ، پی وشنو وردھن ریڈی ، سنیتا راؤ ، راملو نائیک ، شیخ عبداللہ سہیل اور دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر ٹریڈ یونین لیڈر سنجیویا ریڈی کو راجیو گاندھی سدبھاؤنا ایوارڈ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے ملک میں اتحاد اور یکجہتی کی برقراری کے لئے راجیو گاندھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ ٹریڈ یونین قائد اور سابق رکن پارلیمنٹ جی سنجیویا ریڈی نے ملک میں غیر منظم ورکرس اور ورکرس کی بھلائی کیلئے جدوجہد کی ہے۔ 1990 ء میں راجیو گاندھی نے چارمینار کے دامن سے سدبھاؤنا یاترا کا آغاز کیا تھا۔ سدبھاؤنا کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے استقبال کیا ۔ ہر سال یادگاری کمیٹی کی جانب سے چارمینار کے دامن میں پرچم کشائی انجام دی جاتی ہے اور اہم شخصیتوں کو سدبھاؤنا ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔ اس موقع پر کانگریس قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ ملک کو فرقہ پرست طاقتوں سے نجات دلانے کیلئے کانگریس کی تائید کریں ۔