تبریز قتل ‘ سی بی آئی انکوائری کیلئے بیوی کا مطالبہ

   

نئی دہلی 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تبریز انصاری ہجومی تشدد ہلاکت کیس میں ملزمین پر سے قتل کے الزامات واپس لئے جانے پر تنقیدوں کے دوران منسٹر آف اسٹیٹ داخلہ جی کشن ریڈی نے کہا کہ اس مسئلہ پر قانون اپنا کام کریگا ۔ انہوں نے اس واقعہ کو افسوسناک اور مجرمانہ عمل قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ عدالت میں کیا ہوا ہے ۔ وہ چاہتے ہیں کہ جو کچھ ہوا ہے ‘ جو کچھ مجرمانہ عمل ہوا ہے اس میںخاطی کو سزا دی جائے ۔ تبریز کی بیوہ 19 سالہ شائستہ پروین نے سارے واقعہ کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔ شائستہ نے کہا کہ انہیں ڈسٹرکٹ پولیس کی تحقیقات پر بالکلیہ بھروسہ نہیں ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر ریاستی حکومت سے بات کرینگے ۔ ملزمین کے خلاف الزامات کی سنگین نوعیت سے دستبرداری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس پر قانون اپنا کام کریگا ۔ انہوں نے اس تاثر سے اتفاق نہیں کیا کہ ہجومی تشدد کے واقعات صرف بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں پیش آرہے ہیں۔