اسلام آباد 23 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اسلام آباد کے دیہی علاقے بارہ کہو میں تبلیغی جماعت کے مزید پانچ افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پورے علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ مزید لوگوں کے ٹیسٹ کر رہی ہے۔اسلام آباد کے ڈسٹرک ہیلتھ آفیسر ضعیم ضیا نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتے کو بارہ کہو کے علاقے کوٹھ ہتھیال کی مسجد میں کرغیزستان کے ایک شہری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تبلیغی جماعت کے باقی ارکان کو مسجد میں ہی رکھا گیا تھا جس کے بعد مزید پانچ افراد کے ٹیسٹ بھی مثبت آ گئے ہیں۔موقع پر موجود ضعیم ضیا نے بتایا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے کیونکہ تبلیغی جماعت کے لوگوں کی کئی دیگر افراد سے ملاقات ہوئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ جن دیگر پانچ افراد کے ٹیسٹ پیر کے روز مثبت آئے ہیں ان میں بھی کچھ غیر ملکی بھی شامل ہیں اور یہ تمام وہ لوگ ہیں جو پہلے شخص کے قریبی رابطے میں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ تبلیغی جماعت کے مزید افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔