نئی دہلی، 10 مارچ (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال نے منگل کو الزام لگایا کہ تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کے علاوہ ملک بھر میں تجارتی یونٹوں کو ایل پی جی کی فراہمی روک دی گئی ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ صورتحال اس لیے پیدا ہوئی کیونکہ نریندر مودی کی قیادت میں حکومت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے ’’گھٹنے ٹیک‘‘ رہی ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مودی حکومت امریکہ کے دباؤ کے آگے جھک رہی ہے ۔ان کا یہ تبصرہ وزارت پٹرولیم اور قدرتی گیس کے اس بیان کے بعد سامنے آیاہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایندھن کی سپلائی میں موجودہ جغرافیائی سیاسی رکاوٹوں اور ایل پی جی کی دستیابی میں کمی کے پیش نظر، تیل صاف کرنے والے کارخانوں (ریفائنریز) کو ایل پی جی کی پیداوار بڑھانے اور اضافی پیداوار کو گھریلو استعمال کے لیے منتقل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔