تحصیلدار کے شوہر کی عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی

   

حیدرآباد ۔ /17 جون (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے حالیہ دنوں گرفتار کی گئی خاتون تحصیلدار سی ایچ سجاتا کے شوہر نے آج عمارت سے چھلانگ لگاکر خودکشی کرلی ۔ بتایا جاتا ہے کہ 46 سالہ اجئے کمار ساکن گاندھی نگر عثمانیہ یونیورسٹی میں اسسٹنٹ پروفیسر تھے اور گزشتہ 3 دنوں سے اپنی بہن کے مکان واقع چکڑپلی میں مقیم تھا ۔ چہارشنبہ کی صبح 7 بجے اجئے کمار نے فون پر بات کرتے ہوئے عمارت کی پانچویں منزل پر پہونچ گیا اور وہاں سے اچانک چھلانگ لگادی ۔اطلاع پرپولیس فوری وہاں پہونچ گئی اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا ۔ پولیس نے بتایا کہ حالیہ دنوں اجئے کمار کی بیوی جو شیخ پیٹ منڈل کی تحصیلدار تھی کو اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں نے رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کرکے اسے جیل بھیج دیا تھا اور اے سی پی نے اجئے کمار سے بھی کیس کے سلسلہ میں پوچھ گچھ کی تھی ۔ بیوی کی گرفتاری اور اچانک پیدا شدہ صورتحال سے دلبرداشتہ ہوکر اجئے کمار نے یہ انتہائی اقدام کیا ہے ۔ سب انسپکٹر چکڑپلی آر کوٹیش نے بتایا کہ اجئے کمار نے اپنے بعض دوستوں کو خودکشی سے قبل ایک میسیج ’’گوڈ بائے ‘‘ روانہ کیا اور اپنا فون بند کرلیا ۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران متوفی کا فون بھی ضبط کرلیا ۔ تحصیلدار کے ماتحت ریونیو انسپکٹر ناگرجن ریڈی کو اراضی معاملہ میں 15 لاکھ کی رشوت کی رقم حاصل کرنے کے دوران رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے دعویٰ کیا تھا کہ سجاتا بھی اس معاملہ میں ملوث ہے ۔ اس سلسلہ میں بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے ایک سب انسپکٹر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔سجاتا نے آخری رسومات میں شامل ہونے کیلئے کورٹ سے ضمانت حاصل کی۔