دلت بندھو پر ملک بھر میں عمل کیا جائے، ٹی آر ایس رکن کی لوک سبھا میں تقریر
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں ٹی آر ایس کے فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے تحفظات سے متعلق ریاستوں کو اختیارات میں توسیع کیلئے دستور کی 127 ویں ترمیم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستوری ترمیم سے ریاستوں کے اختیارات میں اضافہ ہوگا۔ ریاستوں کی جانب سے او بی سی طبقات کی نشاندہی کی جاسکے گی اور انہیں او بی سی کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے او بی سی طبقات کی ترقی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ کسانوں کیلئے رعتیو بندھو اسکیم متعارف کی گئی جس کے تحت ہر سال فی ایکر 10 ہزار روپئے کی امداد کسانوں کو بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جاتی ہے۔ مرکزی حکومت ملک بھر میں رعیتو بندھو اسکیم کی طرز پر کسانوں کیلئے مالی امداد کا آغاز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے دلتوں کی ترقی کیلئے دلت بندھو اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت دلتوں کے بارے میں صرف زبانی ہمدردی کے بجائے انہیں فی خاندان 10 لاکھ روپئے کی امداد فراہم کررہی ہے۔ ناگیشور راؤ نے دلت بندھو اسکیم پر ملک بھر میں عمل آوری کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ ٹی آر ایس او بی سی بل کی مکمل تائید کرتی ہے۔ انہوں نے لوک سبھا میں دستوری ترمیم کو پیش کرنے پر مرکزی وزیر کی ستائش کی۔ انہوں نے او بی سی تحفظات کے مسئلہ پر ایوان میں کارروائی پر مسرت کا اظہار کیا۔