تحفظات کے حق میں بی سی تنظیموں کا آج تلنگانہ بند

   

کانگریس ، بی آر ایس اور بی جے پی کی تائید، مجالس مقامی میں سماجی انصاف تک جدوجہد کا اعلان
حیدرآباد 17 اکتوبر (سیاست نیوز) بی سی طبقات کی تنظیموں نے کل 18 اکتوبر کے تلنگانہ بند کی کامیابی کیلئے عوام کی تائید حاصل کرنے حیدرآباد میں ریالی منظم کی۔ بی جے پی رکن راجیہ سبھا آر کرشنیا اور ایم آر پی ایس کے لیڈر مندا کرشنا مادیگا کی قیادت میں بشیر باغ سے ٹینک بنڈ تک ریالی کا اہتمام کرکے عوام سے بند میں حصہ لینے کی اپیل کی ۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے ۔ ریالی میں تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام ، رکن کونسل ادنکی دیاکر ، بی سی جے اے سی کے بی سرینواس گوڑ و دیگر نے حصہ لیا ۔ مجالس مقامی میں 42 فیصد بی سی تحفظات کو یقینی بنانے کیلئے مرکز سے دستور کے 9 ویں شیڈول میں تحفظات کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ریاستی حکومت نے تحفظات کے حق میں جو بلز منظور کئے تھے، وہ صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہیں۔ بند کا اہتمام کرنے جے اے سی تشکیل دی گئی جس نے تمام پارٹیوں کی تائید حاصل کی ہے۔ کانگریس ، بی آر ایس ، بی جے پی اور بائیں بازو کی جماعتوں نے تلنگانہ بند کی تائید کی۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کانگریس کارکنوں سے بند میں حصہ لینے کی اپیل کی ۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں تحفظات سے متعلق جی او پر حکم التواء کے بعد بی سی تنظیموں نے اپنی جدوجہد کو تیز کردیا ہے ۔1